آئی جی کا دورہ قصور، شہید اے ایس آئی کی نمازجنازہ میں شرکت

Mar 16, 2024

لاہور (کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے قصور کا دورہ کیا اور پولیس لائنز قصور میں اے ایس آئی محمد اکرم شہید کی نمازجنازہ میں شرکت کی ، آر پی او شیخوپورہ بابر سرفراز الپا، ڈی پی او قصور طارق عزیز سندھو، سیشن جج قصور، عوامی نمائندوں، سول سوسائٹی سے شخصیات بھی نماز جنازہ میں موجود تھی ، پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہید کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، سینئر افسران نے شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی، آئی جی پنجاب نے کہا کہ اے ایس آئی محمد اکرم نے فرض کی راہ میں جام شہادت نوش کیا، پنجاب پولیس اپنے بہادر سپوت کی لازوال قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہید کے اہل خانہ اور بچوں سے بھی ملاقات کی ۔ آئی جی پنجاب نے شہید کے اہل خانہ کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا، آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس اے ایس آئی محمد اکرم شہید کے اہل خانہ کی ضروریات کا ہر ممکن خیال رکھے گی ۔

(روز نامہ جناح)

*******************