انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اچھرہ واقعہ کے خاتون کو ریسٹورنٹ میں پناہ دینے والے شہریوں کی ہمت اور جذبے کو شاندار الفاظ میں سراہا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اچھرہ واقعہ کے سویلین ہیروز سے اپنے دفتر میں ملاقات کی، ملاقات کرنے والوں میں خاتون کی جان بچانے میں نمایاں کردار ادا کرنے والے شہری جونسن طارق، پطرس اور شہزاد علیم شامل تھے۔ اچھرہ واقعہ کے دوران جونسن طارق نے اپنے ریسٹورنٹ کے اندر متاثرہ خاتون کو پناہ دی تھی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ مشتعل ہجوم سے خاتون کو محفوظ رکھتے ہوئے پناہ دینا بہت بہادری کا کام تھا.
واقعہ کے دوران شرپسند عناصر ریسٹورنٹ کو جلا سکتے تھے، جونسن طارق کی جان کو خطرہ لاحق تھا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ خاتون کو مشتعل ہجوم سے پناہ دے کر جونسن طارق نے مسیحی کمیونٹی کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے جونسن طارق کو پولیس میثاق سنٹر کا ایمبیسیڈر مقرر کردیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ میثاق سنٹر کے پلیٹ فارم سے منعقدہ بین المذاہب ہم آہنگی کے پروگرامز میں جونسن طارق بطور ایمبیسیڈر شرکت کریں گے۔ آئی جی پنجاب نے واقعہ کے دوران دانشمندی کا مظاہرہ کرنے پر شہزاد علیم اور پطرس کی کاوشوں کو بھی سراہا جونسن طارق نے ایمبیسیڈر منتخب کرنے پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا شکریہ ادا کیا۔
(روز نامہ جناح)
********************
