پنجاب پولیس کے ویلفیئر فنڈ میں 300کروڑ روپے اضافہ

Mar 03, 2024

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب پولیس کے ویلفیئر فنڈ بارے اہم ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پولیس فورس میں کانسٹیبلز سے آئی جی تک تمام فورس اپنی تنخواہ کا 3 فیصد ویلفیئر فنڈ میں کٹواتی ہے اور ویلفیئر پراجیکٹس میں سرمایہ کاری سے حاصل آمدنی فورس کی فلاح و بہبود پر پر خرچ کی جاتی ہے۔ پنجاب پولیس نے ایک سال میں 200 کروڑ روپے سے زائد فورس کی ویلفیئر پر خرچ کئے اور اب ویلفیئر فنڈز 200 کروڑ روپے سے بڑھا کر 500 کروڑ روپے کر دیئے۔ پولیس ویلفیئر فنڈ 7.5 ارب روپے سے بڑھا کر الحمدللہ 12.6 ارب تک لے گئے ہیں، میڈیکل اور سکالرشپ کے سالہا سال پرانے زیرالتوا کیسز بھی کلیئر کئے گئے، 85 کروڑ روپے کی ریکارڈ رقم پولیس ملازمین کے بچوں کو سکالرشپ کی مد میں دی گئی۔ ملازمین کے تدفین اخراجات، ان کے بچوں کے شادی گفٹ کی رقم دگنا کر دی گئی ہے، ہیلتھ اینڈ ایجوکیشن ویلفیئر بلز کی درخواست دینے سے رقوم کی ادائیگی تک کا تمام عمل اب آن لائن ہے، ویلفیئر دائرہ کار بڑھاتے ہوئے نئے کالجز، یونیورسٹیوں، ہسپتالوں کیساتھ ایم او یوز کئے جا رہے ہیں۔ فارن سکالرشپ کا آغاز ہو چکا، مختلف یونیورسٹیز وظائف کی مد میں 10 کروڑ روپے کے سکالرشپ دے رہے ہیں، پولیس افسران اور ملازمین کے 65 فیصد سے زائد نمبر لینے والے بچوں کو کسی بھی یونیورسٹی میں داخلے کے وقت لیپ ٹاپ بھی دیں گے۔ اس سال بھی فورس کی ہیلتھ سکریننگ کرائیں گے، پنجاب بھر میں ویلفیئر کے 41 نئے منصوبے شروع کرنے جا رہے ہیں۔

پتنگ بازوں، پتنگ فروشوں اور مینوفیکچرز کیخلاف زیرو ٹالرنس کے تحت سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔ پتنگ بازی سے کسی بھی جانی نقصان کی صورت میں ذمہ دار افسران کیخلاف کاروائی ہو گی لہذا تمام سپروائزری افسران کریک ڈاؤن کو مزید موثر بنائیں۔ اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ میں ملوث ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں، تمام افسران قانون شکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی رپورٹس روزانہ سنٹرل پولیس آفس بھجوائیں۔ پنجاب پولیس لاہور سمیت صوبہ بھر میں پتنگ بازی کی روک تھام کیلئے پوری طرح متحرک ہے، ضلع قصور سمیت پنجاب بھر میں پتنگ بازی سے کسی قسم کی کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔

(روز نامہ نوائےوقت)

*******************