پنجاب پولیس کا صوبہ بھر میں پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کے خلاف سخت کریک ڈاون، سینکڑوں قانون شکن گرفتار
پنجاب پولیس کا صوبہ بھر میں پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کے خلاف سخت کریک ڈاون بلا تعطل جاری ہے جس کے دوران سینکڑوں قانون شکن ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ گذشتہ دو روز کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں پتنگ بازوں کے خلاف 746 مقدمات درج کئے گئے، دھاتی ڈور و پتنگوں کی تیاری، خرید و فروخت اور استعمال میں ملوث 654 افراد کو گرفتار کیا گیا، ملزمان کے قبضے سے 5274 پتنگیں، 1974 چرخیاں اور دھاتی ڈور برآمد کی گئی۔ اسی طرح اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران ملوث افراد کے خلاف 26 مقدمات درج کرتے ہوئے 28 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے 21 پسٹل، 02 کلاشنکوف، 03 بندوقیں اور سینکڑوں کی تعداد میں گولیاں برآمد کی گئیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر سخت کاروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پتنگ بازوں، پتنگ فروشوں اور مینوفیکچرز کے خلاف زیرو ٹالرنس کے تحت سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پتنگ بازی سے کسی بھی جانی نقصان کی صورت میں ذمہ دار افسران کے خلاف کاروائی ہو گی لہذا تمام سپروائزری افسران کریک ڈاؤن کو مزید موثر بنائیں جبکہ والدین اپنے بچوں کو پتنگ بازی کی جان لیوا سرگرمی میں ہرگز ملوث نہ ہونے دیں، آئی جی پنجاب نے کہا کہ اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ میں ملوث ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں، تمام افسران قانون شکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی رپورٹس روزانہ سنٹرل پولیس آفس بھجوائیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس لاہور سمیت صوبہ بھر میں پتنگ بازی کی روک تھام کیلئے پوری طرح متحرک ہے، ضلع قصور سمیت پنجاب بھر میں پتنگ بازی سے کسی قسم کی کوئی ہلاکت نہیں ہوئی، ڈی پی او قصور نے کہا کہ ضلع قصور میں گزشتہ روز 42 کے قریب پتنگ بازوں کے خلاف کاروائیاں کی گئیں، سینکڑوں تعداد میں پتنگیں اور ڈور برآمدکی گئی اسی طرح ہوائی فائرنگ میں ملوث ملزمان سے جدید اسلحہ برآمد کرکے مقدمات درج کئے گئے۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر211)
سیدمبشر حسین
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************
Press Release Date:
Saturday, March 2, 2024