لاہور ( نامہ نگار) پولیس نے کامیاب آپریشن کرکے کچہ وتہ خیل کے علاقہ سے لاہور ڈیفنس سے اغوا ہونے والے ارب پتی معروف بزنس مین خرم نذیر خان کو بازیاب کرا لیا۔ پولیس نے گھیرا ڈال کر پانچ ملزموں کو بھی حراست میں لے لیا۔ گرفتار ہونے والے ملزمان میں چار کا تعلق لاہور سے اور ایک کا تعلق میانوالی سے ہے جس کا نام عامر خان ہے۔ پولیس مزید تفتیش میں مصروف عمل ہے۔ ڈی پی او مطیع اللہ خان نوانی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ 19 فروری کو لاہور ڈیفنس کے علاقہ سے بزنس مین خرم نذیر خان کو رات کے وقت اس کے دفتر گرہن ایبک ایڈورٹائزنگ ایجنسی کے باہر سے اغوا کیا گیا۔
ملزمان لاہور سے تعلق رکھتے ہیں۔ ملزمان کا پانچواں ساتھی جس کا نام عامر خان ساکن وتہ خیل ہے۔ ملزمان واردات کے بعد مغوی کو میانوالی لائے۔ پہلے ایک مکان میں رکھا اور پھر کچہ وتہ خیل ڈیرہ کوکے خیل پر لے کر آئے۔ لاہور پولیس کی انفارمیشن پر بروقت کارروائی کی گئی۔ پولیس کے افسران و جوانوں نے دریائے سندھ عبور کر کر دوسرے کنارے سے مغوی کو بازیاب کروایا۔
(روز نامہ نوائے وقت)
******************