سخت سردی ‘گرمی میں ڈیوٹی دینے والے ٹریفک افسر‘اہلکار فخر ہیں : آئی جی پنجاب

Feb 15, 2024

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ ٹریفک پولیس افسران واہلکاروں کی آپریشنل ذمہ داریاں دیگر یونٹس کی نسبت زیادہ سخت ہیں،شدید گرمی سردی اور برسات میں سڑک پر کھڑے رہنے والے ٹریفک افسران و اہلکار ہمارا فخر ہیں۔ ٹریفک وارڈنز محکمہ پولیس کے ایمبیسیڈرز ہیں، خوش اخلاقی سے محکمہ پولیس کا مثبت تشخص یقینی بنائیں۔ ٹریفک پولیس کے لائسنسنگ، ٹریننگ سمیت پبلک فیسیلٹی سنٹرز کی اپ گریڈیشن کی گئی ہے، ٹریفک وارڈنز دوران ڈیوٹی ٹریفک ریگولیشن اور مینجمنٹ پر فوکس سے روڈز پر شہریوں کو ہرممکن سہولت فراہم کریں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے سینئر ٹریفک وارڈنز کو محکمانہ پروموشن پر نئے عہدے کے رینک لگانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سنٹرل پولیس آفس میں ترقی پانیوالے 47 سینئرٹریفک وارڈنز کو رینک لگانے کی تقریب ہوئی ۔ آئی جی پنجاب اور سینئر پولیس افسران نے ٹریفک افسران کو نئے عہدوں اور سینئر ٹریفک وارڈنز کو مبارک باد دیتے ہوئے مزید دلجمعی سے فرائض ادائیگی کی ہدایت کی۔

(روز نامہ  نوائے وقت)

**********************