پنجاب پولیس بین الصوبائی سرحدی چوکیوں پر ہائی الرٹ، میانوالی میں ایک بار پھر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا

پنجاب پولیس بین الصوبائی سرحدی چوکیوں پر ہائی الرٹ، میانوالی میں ایک بار پھر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا
 
پنجاب پولیس صوبے کی تمام بین الصوبائی سرحدی چوکیوں پر ہائی الرٹ ہو کر فرائض سر انجام دے رہی ہے ، پنجاب پولیس کے بہادر جانبازوں  نے ایک بار پھر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا کر انہیں پسپائی پر مجبور کر دیا۔  12سے 13 دہشت گردوں نے اتوار کی رات  قبول خان چیک پوسٹ میانوالی پر تین اطراف سے حملہ کیا، دہشت گردوں نے پولیس چیک پوسٹ پر جدید اسلحہ سے شدید فائرنگ کی، چیک پوسٹ پر تعینات پولیس جوانوں نے بہترین حکمت عملی جدید ٹیکنالوجی سے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا، پولیس کی بھرپور جوابی کاروائی اور فائرنگ سے دہشت گرد پسپا ہو کر فرار ہو گئے، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او میانوالی مزید نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا ۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پولیس ٹیم کو شاباش دی ۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ سرحدی پولیس چیک پوسٹ پر پنجاب پولیس کے جوان دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن سولجرز ہیں، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے، دہشت گردوں کو ان کے مقصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس نے ہمیشہ قیمتی جانیں قربان کرکے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا ہے، آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔
 
مزید برآں قبول خان چیک پوسٹ میانوالی پر دہشتگردوں کے حملہ کی ویڈیو جاری کر دی گئی ، ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ دہشت گرد رات کی تاریکی میں چیک پوسٹ کی طرف آئے، پنجاب پولیس کے زیر استعمال جدید تھرمل کیمروں سے دہشت گردوں کو ٹریس کیا گیا، دہشتگردوں کی طرف سے پہلے راکٹ لانچرز فائر کیے گئے، جدید اسلحہ سے شدید فائرنگ کی گئی، دہشت گردوں نےچیک پوسٹ پر ہینڈ گرنیڈ بھی پھینکے، تھرمل کیمروں کی فوٹیج میں ہینڈ گرینڈ پھٹتے بھی دکھائی دیئے، پولیس جوانوں کی موثر جوابی کاروائی اور فائرنگ نے دہشت گردوں کو پسپائی پر مجبور کیا، آر پی او سرگودھا شارق کمال نے کہا کہ  دہشت گردوں کا تعاقب جاری ہے ،جلد انہیں منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ تمام چیک پوسٹوں پر جدید سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا  گیا ہے، پنجاب پولیس الرٹ ہے،دشمن کو کبھی اس کے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔
 

(ہینڈ آؤٹ  نمبر145)

سیدمبشر حسین

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

Press Release Date: 
Monday, February 12, 2024