لاہور(کرائم رپورٹر سے)ڈیرہ غازی خان کے علاقے کوٹ مبارک میںپولیس اور لادی گینگ کے درمیان پولیس مقابلہ میں 4انتہائی خطرناک ڈاکو ہلاک جبکہ ایلیٹ فورس کا ایک اہلکار محمد شہریار شہید ہوگیا،ملزمان نے ناکہ پر پولیس پارٹی کے روکنے پر فائرنگ کردی جس پر ڈی پی او ڈی جی خان احمد محی الدین کی قیادت میں پولیس ٹیموں نے تعاقب کے بعد ڈاکوؤں کو گھیر لیا، پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا ،پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن جاری رکھا اور چارگھنٹے سے زائد جاری مقابلے میں گینگ کاسرغنہ عرفان مریری اور کاشف رند سمیت 04 ڈاکو مارے گئے، اس دوران ڈاکوئوں کی فائرنگ سے ایلیٹ فورس کا ایک نوجوان اہلکار بھی شدید زخمی ہو گیا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گیا۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نےڈاکووں کی فائرنگ سے جام شہادت نوش کرنے والے شہید اہلکار کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیااورہدایات دیں کہ آر پی او اور ڈی پی او ڈی جی خان شہید اہلکار کی فیملی کے ساتھ فوری رابطہ کریں، آئی جی پنجا ب نے کہا کہ ایلیٹ فورس کے اہلکار شہریار نے فرض کی راہ میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، پنجاب پولیس اپنے بہادر فرزند کی لازوال قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی،پنجاب پولیس شہریار جیسے 1600 سے زائد بہادر شہدا کی امین فورس ہے،شہید کے اہلخانہ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور اس کے گھرانے کی تمام ضروریات کا ہر ممکن خیال رکھا جائے گا۔
(روز نامہ جنگ)
*********************