لاہور(نامہ نگار)انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب ڈاکٹرعثمان انورنے کہا ہے کہ پولیس دفاتر کی اپ گریڈیشن اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کا مقصد شہریوں کیلئے سروس ڈلیوری کو مزید آسان اور تیز تر بنانا ہے۔ صوبے کے تمام تھانوں کو سپیشل انیشئیٹو پروٹول پر اپ گریڈیشن کے بعد سمارٹ پولیس سٹیشنزکی تعمیر کا کام تیزی سے مکمل کیاجارہا ہے، دفاتر کی اپ گریڈیشن اور ورکنگ ماحول بہتر ہونے سے فورس کی کارکردگی میں بہتری آئیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قربان لائنز اپارٹمنٹس سمیت مختلف پولیس دفاتر کے دورے کرتے ہوئے کیا۔آئی جی پنجاب نے ایس ایس پی ٹیلی کمیونیکیشن کو ون لاہور پولیس اپارٹمنٹس کی تزئین و آرائش بارے ہدایات دیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈی آئی جی ٹیکنیکل اور ڈی آئی جی وی وی آئی پی سکیورٹی کے دفاتر میں جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔
ڈاکٹر عثمان انور کی ڈی آئی جی ٹیلی کمیونیکیشن اینڈ ٹرانسپورٹ آفس اور لاجز کی تعمیر جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی،ڈی آئی جی ٹیلی اینڈ ٹرانسپورٹ عمران احمر نے آئی جی پنجاب کو تعمیراتی کاموں بارے بریفنگ دی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لوئر مال میں زیر تعمیر سنٹر فار پبلک سیفٹی کے تعمیراتی کام کا بھی معائنہ کیا۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ سنٹر فار پبلک سیفٹی میں شہریوں کو پولیسنگ خدمات کی فراہمی کیلئے جدید وسائل اور سہولیات دستیاب ہونگی۔ پولیس دفاتر میں جاری ترقیاتی کاموں کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ ایم ڈی سیف سٹی ڈی آئی جی احسن یونس، ڈی آئی جی ٹیلی ٹرانسپورٹ عمران احمر، ایس ایس پی اسد سرفراز خان، ایس پی ٹیلی ٹرانسپورٹ سمیت دیگر افسران آئی جی پنجاب کے ہمراہ تھے۔
(روز نامہ نوائے وقت)
*******************