ڈیرہ غازی خان میں پولیس کا لادی گینگ کے ڈاکوؤں سے مقابلہ، ایلیٹ فورس کا جوان محمد شہریار ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہید،
ڈی پی او ڈی جی خان احمد محی الدین کی قیادت میں پولیس ٹیموں نے تعاقب کے بعد فائرنگ میں ملوث ڈاکوؤں کو گھیر لیا،
04 گھنٹے سے زائد جاری مقابلے میں سرغنہ عرفان مریری اور کاشف رند سمیت لادی گینگ کے 04 ڈاکو ہلاک، ترجمان پنجاب پولیس
ڈیرہ غازی خان کے علاقے کوٹ مبارک میں پولیس ٹیم کا لادی گینگ کے ڈاکوؤں سے مقابلہ ہوا، ایلیٹ فورس کا جوان محمد شہریار ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہید ہو گیا ۔ ڈی پی او ڈی جی خان احمد محی الدین کی قیادت میں پولیس ٹیموں نے تعاقب کے بعد فائرنگ میں ملوث ڈاکوؤں کو گھیر لیا، پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا ، 04 گھنٹے سے زائد جاری مقابلے میں سرغنہ عرفان مریری اور کاشف رند سمیت لادی گینگ کے 04 ڈاکو ہلاک ہوا جبکہ علاقے میں پولیس ٹیم کا سرچ آپریشن جاری ہے ۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ لادی گینگ کے کارندوں نے ناکہ پر پولیس پارٹی کے روکنے پر فائرنگ کی تھی،
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈاکووں کی فائرنگ سے جام شہادت نوش کرنے والے شہید اہلکار کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ آر پی او اور ڈی پی او ڈی جی خان شہید اہلکار کی فیملی کے ساتھ فوری رابطہ کریں، آئی جی پنجاب نے کہا کہ ایلیٹ فورس کے اہلکار شہریار نے فرض کی راہ میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ، پنجاب پولیس اپنے بہادر فرزند کی لازوال قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس شہریار جیسے 1600 سے زائد بہادر شہدا کی امین فورس ہے، شہید کے اہلخانہ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، تمام ضروریات کا ہر ممکن خیال رکھا جائے گا، آر پی او ڈی جی خان کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن اور ڈی پی او ڈی جی خان احمد محی الدین نے شہید کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور انہیں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ آر پی او اور ڈی پی او ڈی جی خان نے کہا کہ ڈی جی خان پولیس اپنے بہادر شہید کی فیملی کی بہترین ویلفیئر کیلئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھے گی ۔ انہوں نے کہا کہ مجرمان کے قلع قمع کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے گی۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر139)
سیدمبشر حسین
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************


Press Release Date:
Saturday, February 10, 2024