بھرتی کے خواہشمند امیدواران اپنی پولیس ویریفیکیشن لازمی کروائیں، آئی جی پنجاب

Feb 08, 2024

لاہور (کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب پولیس میں بھرتی کے خواہشمند امیدواران کے نام اہم پیغام کہا ہے کہ پولیس بھرتی کیلئے اپلائی کرنے والے تمام امیدواران اپنی پولیس ویریفیکیشن لازمی کروائیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پنجاب پولیس میں 11 ہزار کانسٹیبلز کی نئی بھرتیوں کی اجازت مل گئی، میرٹ، میرٹ اور صرف میرٹ پر بھرتی ہونے جا رہی ہے۔ملک و قوم کی خدمت کا جذبہ رکھنے والے نوجوان خون کو پنجاب پولیس میں ویلکم کریں گے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ بہادر و فرض شناس جوان قواعد و ضوابط کے مطابق بھرتی کا عمل کا حصہ بن رہے ہیں تاہم پولیس بھرتی کیلئے اپلائی کرنے والے تمام امیدواران اپنی پولیس ویریفیکیشن لازمی کروائیں۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ چھوٹے شہروں اور گاؤں میں شریکہ، برادری،جھوٹی گواہی یا دیگر وجوہات کی بنیاد پر اکثر و بیشتر لڑائی جھگڑا ہو جاتا ہے، ان واقعات کی بنیاد پر اکثر اوقات بے گناہ لوگوں کو ایف آئی آر میں نامزد کر دیا جاتا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پولیس بھرتی کے خواہشمند نوجوان اپلائی کرنے کے ساتھ ہی اپنا ویریفیکیشن سرٹیفیکیٹ لازمی حاصل کر لیں، پولیس ویریفیکیشن سرٹیفیکیٹ کسی بھی پولیس خدمت مرکز سے باآسانی حاصل کیا جا سکتا ہے،ویری فیکیشن سرٹیفیکیٹ کی بدولت امیدوار کو اپنے پولیس ریکارڈ کی کلیرٹی بارے آگاہی حاصل ہو جاتی ہے۔

(روز نامہ پاکستان)

*********************