پولیس شہدا کے (23)بچوں کو فیملی کلیم پر جونیئر کلرک بھرتی کرنے کے احکامات

Feb 08, 2024

 انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے پولیس شہدا کے اہل خانہ کی ویلفیئر کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری ہیں جس کے تسلسل میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مختلف اضلاع سے بھجوائی گئی پولیس شہدا کے بچوں کی فیملی کلیم پر بھرتی کی تمام درخواستوں کو نمٹا دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب نے رواں ہفتے لاہور سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں 23 پولیس شہدا کے بچوں کوشہید فیملی کلیم پر جونیئر کلرک بھرتی کر نے کے احکامات جاری کیے ہیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پنجاب پولیس میں تاحال شہید کلیم پر بھرتی کا کوئی کیس زیر التواباقی نہیں رہا، آئی جی پنجاب نے کہاکہ گذشتہ ایک برس میں مجموعی طور پر 134 شہداپولیس کے بچوں کو فیملی کلیم پر ملازمت دی گئی جن میں 104 بچوں کو جونیئر کلرک، 21 کو نائب قاصد، 09 کو کلاس چہارم میں بھرتی کیا گیا، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ شہید کلیم پر بھرتی ہونے والوں میں لاہور پولیس کے 08 جبکہ فیصل آباد پولیس کے 04،ڈی جی خان، بہاولپور، نارووال، گوجرانوالہ، سرگودھا اور شیخوپورہ پولیس،ملتان، جھنگ، حافظ آباد، راجن پور اور ننکانہ پولیس کے ایک شہید کا بچہ شامل ہے جنہیں محکمہ کی جانب سے فیملی کلیم پر بھرتی کر لیاگیا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ ملک و قوم کے لئے جانیں قربان کرنے والوں کا قرض نہیں اتار سکتے اور انکے اہل خانہ کی ویلفیئر کیلئے اقدامات میں کمی نہیں آئے گی۔

(روز نامہ آواز)

********************