الیکشن 2024، پنجاب پولیس کے صوبہ بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات،امن و امان کی فضا کو برقرار رکھا۔
خواتین نفری سمیت 01 لاکھ 30 ہزار سے زائد افسران و اہلکارنے الیکشن سکیورٹی کے فرائض ادا کئے۔آئی جی پنجاب
آئی جی پنجاب نے الیکشن 2024ء کے سکیورٹی انتظامات کی خود مانیٹرنگ کی،آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز فیلڈ میں موجود رہے۔
پنجاب پولیس نے الیکشن 2024کے موقع پر صوبائی دارالحکومت سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا، صوبہ کے تمام پولنگ اسٹیشنزاور حساس مقامات پر پنجاب پولیس کے جوانوں نے ہائی الرٹ ہو کر فرائض اداکئے، ووٹرز، پولنگ عملے، شہریوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی گئی جس کے باعث صوبہ بھر میں پولنگ کا عمل پرامن اور شفاف طریقے سے جاری رہا۔ پنجاب پولیس کے جوانوں نے پولنگ اسٹیشنز پر آنے والے معذور و ضعیف افراد کو قومی فریضہ کی ادائیگی میں مدد فراہم کی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ خواتین اہلکاروں سمیت 01 لاکھ 30 ہزار سے زائد افسران و اہلکار الیکشن سکیورٹی فرائض ادا کئے، صوبائی، ریجنل اور ضلعی سطح پر قائم پنجاب پولیس کے تمام کنٹرول روم سے الیکشن کے عمل اور تمام صورتحال کا لمحہ بہ لمحہ جائزہ لیا گیا، انتخابی عمل کی مانیٹرنگ کیلئے 32 ہزار سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی گئی جبکہ آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز فیلڈ میں موجود رہ کر سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کا جائزہ لیتے رہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ عام انتخابات کی مناسبت سے تمام شاہراہوں، پبلک مقامات پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے موثر اقدامات یقینی بنائے گئے، اسلحہ کی نمائش، ہوائی فائرنگ، لڑائی جھگڑے، انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنے اور دفعہ 144 نافذ کی خلاف ورزی پر بلا تفریق کاروائی عمل میں لائی گئی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پنجاب پولیس نے الیکشن سکیورٹی کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات یقینی بنائے اور پولیس افسران سکیورٹی ایجنسیز، آرمڈ فورسز، ضلعی انتظامیہ سمیت تمام اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں رہے، ملک دشمن و شر پسند عناصر کے تدارک کیلئے بارڈر ایریاز چیک پوسٹوں پر سخت نگرانی کا عمل جاری رکھا گیا،5577 انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر اضافی نفری، ڈولفن فورس، کوئیک رسپانس سمیت دیگر ٹیموں کو تعینات کیا گیا، ڈاکٹر عثمان انورنے کہاکہ الیکشن 2024ء کے سکیورٹی انتظامات کی خود مانیٹرنگ کر رہا ہوں، پنجاب پولیس الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر من و عن عمل در آمد یقینی بنا رہی ہے اور اس سلسلے میں انتخابی عمل مکمل ہونے تک قانون کے مطابق کاروائیاں جاری رہیں گی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے کہاکہ پنجاب پولیس پوسٹ انتخابات سکیورٹی انتظامات کیلئے پوری طرح تیار ہے،لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے، امن دشمن عناصر کی کسی بھی مکروہ کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پولیس ٹیمیں پولنگ عمل اختتام پذیر ہونے تک ڈیوٹی پوائنٹس پر موجود رہیں اور امن و امان کی فضا برقرار رکھنے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ووٹوں کی گنتی کے عمل کے دوران سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم دیا۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ عام انتخابات کے تمام حلقوں میں قانون کی پاسداری ہر صورت یقینی بنائیں، ہوائی فائرنگ،اسلحہ کی نمائش پر پابندی ہے،خلاف ورزی پر فوری ایکشن لیں، آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ شر پسند عناصر اور مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھیں،ناکوں پر چیکنگ مزید سخت کر دیں، ڈولفن سکواڈ،پیرو اور ایلیٹ ٹیمیں کیمپ آفسز اور اہم مقامات کے اطراف پٹرولنگ بڑھا دیں۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر134)
سیدمبشر حسین
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************

