چیلنج کرتے ہیں تھانوں، خدمت مراکز، لائسنس سینٹرز میں تبدیلی نظر آئیگی:آئی جی

Feb 04, 2024

لاہور(نامہ نگار)پنجاب پولیس کے زیر اہتمام فلم فیسٹیول کی تقریب تقسیم انعامات الحمرا ہال میں ہوئی۔بی ایچ کے فلمز کی تیار کردہ کرائم تھرلر فلم ججی فیسٹیول کی بہترین فلم قرار پائی۔ ججی فلم کی سکریننگ کی گئی، فلمساز سید نور نے ججی فلم کے ڈائریکٹر حبیب شہزاد اور ٹیم کو شیلڈز سے نوازا، فلمساز سید نور نے پاکستان پولیس پر فلم بنانے کا اعلان کیا۔ سینئر فنکار راشد محمود نے کامیاب فلم فیسٹیول کے انعقاد پر پنجاب پولیس کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ فلموں اور ڈراموں میں پولیس فورس کا حقیقی امیج پیش کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس ملک کا تحفظ کرتی ہے۔ ہم چیلنج کرتے ہیں کہ ہمارے تھانوں، خدمت مراکز، لائسنس سینٹرز میں جائیں، رویوں میں تبدیلی نظر آئیگی۔دہشت گرد جتنی مرضی کوشش کریں، جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے،پنجاب پولیس دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے پوری طرح مستعد اور تیار ہے۔ صوبے کے تمام اضلاع کے تھانے اور پولیس دفاتر ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل سمیت ہر ادارے کی انسپکشن کیلئے تیار ہیں۔

ہم نے والنٹیرز ان پولیس اور فرینڈز آف پولیس پروگرامز کے ذریعے اپنے تھانوں اور دفاتر کو نوجوانوں کیلئے کھول دیا ہے۔ پنجاب پولیس کی تاریخ میں 11 ہزار کانسٹیبلز کی سے سب سے بڑی بھرتی میرٹ کے مطابق ہونے جا رہی ہے۔ اگر ایک کلومیٹر موٹر وے کی تعمیر کی لاگت کے برابر فنڈز سالانہ مل جائیں تو نظام تفتیش کی خامیاں دور ہوجائیں گی۔میں دعوی کرتا ہوں گلبرگ لاہور کے تھانے سے زیادہ خوبصورت تھانہ چین، جاپان، امریکہ میں نہیں ہوگا۔ کچہ آپریشن کرکے علاقہ کلیئر کرنے کا وعدہ پورا کردیا۔ پنجاب پولیس نے یقینی بنانا ہے کہ بچیاں سکولوں اور کالجز میں جائیں گی، تعلیم حاصل کرنیوالی بچیوں کے پیچھے وردی ہے۔ قوم کے زندہ رہنے کے پیچھے وردی ہے۔ وردی والوں نے فیصلہ کر رکھا ہے،ہر اقلیت اور فرقے کو تحفظ دیں گے۔ 

(روز نامہ نوائے وقت)

*********************