پولیس کیلئے جی او آر کی تعمیر شروع وزیراعلی نے سنگ بنیاد رکھ دیا

Feb 01, 2024

 

وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول بیدیاں روڈ پر پولیس کے جی او آر کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ محسن نقوی نے کرین کے ذریعے تعمیراتی سرگرمیوں کا آغاز کیا۔انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیراعلی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے لئے مجموعی طورپر 313گھر بنائے جائیں گے۔ پولیس ہمارا ہراول دستہ ہے،پولیس کی رہائش اوردیگر مسائل کا حل ہماری ترجیح ہے۔پولیس جی او آر بننے سے پولیس افسران اوراہلکاروں کے رہائش کے مسائل حل ہوں گے۔پورے سال میں پولیس کی ویلفیئر کے لئے جتنا کام کرسکتے تھے کیا ہے۔پولیس کے لئے گھروں کی تعمیرکے منصوبے کی اونر شپ متعلقہ پولیس کی فیملیز کو لینی چاہیے۔

اونرشپ لینے سے نہ صرف گھروں کی تعمیر کا معیار بہتر ہوگا بلکہ یہ گھر 6سے 8ماہ میں مکمل ہوجائیں گے۔ محسن نقوی نے کہا کہ قربان لائنز میں بھی پولیس کیلئے اپارٹمنٹس بن رہے ہیں،پوری کوشش ہے کہ انہیں بھی جلد مکمل کر کے فیملیز کے حوالے کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر کے تھانوں کو اراضی الاٹ کردی گئی ہے۔کئی تھانے کرائے پر تھے اورکئی ٹینٹوں میں ، اب40نئے تھانے بن رہے ہیں اورتھانوں کیلئے اراضی کے الاٹمنٹ کا مسئلہ حل کردیا ہے۔وزیر اعلی نے کہا کہ مختصر عرصے کے دوران پولیس کی فلاح وبہبود کیلئے کئی اقدامات کیئے ہیں۔

ڈاکٹر عثمان انو ر نے پولیس کی بہتری کیلئے دن رات ایک کیا۔ہمارے دو ر میں کسی پولیس افسر کو بلا وجہ تبدیل نہیں کیا گیا۔ وزیر علی محسن نقوی نے کہا کہ خوش قسمت ہوں کہ مجھے بہترین ٹیم ملی،میری ٹیم نے دن رات محنت کی اورڈلیور کیا۔پولیس نے بھی محنت کے ساتھ فرائض سرانجام دیئے۔جن فیملیز کو گھر الاٹ ہوئے ہیں انہیں مبارکباد دیتا ہوں۔انسپکٹر جنرل پولیس نے کہا کہ پولیس کی ویلفیئر کیلئے وزیراعلی محسن نقو ی نے بہت کا م کیا۔ محسن نقوی نے پولیس کے لئے رہائش کے مسئلے کو بھی حل کیا ہے۔ہم وزیراعلی کا دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔انسپکٹر جنرل پولیس،سیکرٹری داخلہ،سی سی پی او،سیکرٹری تعمیرات و مواصلات،ایڈیشنل آئی جی ڈویلپمنٹ اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(روز نامہ سٹی 42)

******************