پنجاب پولیس 2017ء سے قبل کے پولیس شہدا کے ورثاء کو پلاٹس کی فراہمی کیلئے سرگرم عمل

پنجاب پولیس 2017ء سے قبل کے پولیس شہدا کے ورثاء کو پلاٹس کی فراہمی کیلئے سرگرم عمل
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور نبیل جاوید،سینئرممبر بورڈ آف ریونیو نے مزید 08 شہداء کے اہلخانہ کو رہائشی پلاٹوں کے ملکیتی کاغذات دئیے۔
 
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر نگرانی پنجاب پولیس 2017ء سے قبل کے پولیس شہدا کے ورثاء کو پلاٹس کی فراہمی کیلئے سرگرم عمل ہے اور اس سلسلے میں لاہورپولیس کے 08شہداء کے اہل خانہ کو رہائشی پلاٹس فراہم کر دئیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس کے شہداء کے اہل خانہ کو پلاٹس دینے کی تقریب سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوئی جس میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، نبیل جاوید، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کو سنٹرل پولیس آفس آمد پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔نبیل جاوید نے آئی جی پنجاب کے ہمراہ یادگار شہداء پر حاضری دی، شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور نبیل جاوید سینئرممبر بورڈ آف ریونیو نے لاہور پولیس کے مزید 08 شہداء کے اہلخانہ کو رہائشی پلاٹوں کے ملکیتی کاغذات دئیے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پنجاب پولیس اب تک 580 کے لگ بھگ شہدا کی فیملیز کیلئے رہائشی پلاٹوں کا انتظام کر چکی ہے، نیک افراد کے تعاون سے تمام سہولیات سے مزین ہاؤسنگ سکیم میں شہداء کی فیملیز کیلئے رہائشی پلاٹس کا انتظام کیا گیا ہے۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ انڈوومنٹ فنڈ سے شہدا کے ورثا کو ان پلاٹس پر گھروں کی تعمیر کیلئے اقساط کی صورت مالی معاونت بھی کی جا رہی ہے، شہداء کے ورثاء کیلئے پلاٹس کی فراہمی یقینی بنانے والے پولیس افسران اور پرائیویٹ ڈویلپرز کی خدمات لائق تحسین ہیں۔ نبیل جاوید ممبر بورڈ آف ریونیو نے کہاکہ پنجاب پولیس کی جانب سے تمام شہداء کے اہلخانہ کیلئے پلاٹس فراہمی کا اقدام قابل ستائش ہے، پولیس شہداء ہمارے ہیروز ہیں، انکے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر ہماری قومی ذمہ داری ہے۔ ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر ریاض نذیر گاڑا، ڈی آئی جی ویلفیئر غازی صلاح الدین، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور علی ناصر رضوی، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ڈاکٹر انعام وحید، ایس ایس پی ایڈمن عاطف نذیر، اے آئی جی ڈویلپمنٹ صاحبزادہ بلال عمر سمیت سینئر افسران کی تقریب میں شرکت کی۔
 

(ہینڈ آؤٹ  نمبر77)

سیدمبشر حسین

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

Press Release Date: 
Tuesday, January 23, 2024