پنجاب پولیس کے زیر اہتمام فلم فیسٹیول کی جیوری سکریننگ

Jan 20, 2024

پنجاب پولیس کے زیر اہتمام فلم فیسٹیول کی جیوری سکریننگ کا سنٹرل پولیس آفس میں انعقاد ہوا، چیئرمین پنجاب فلم سنسر بورڈ توقیر ناصر، نامور فنکار عثمان پیر زادہ اور معروف فلم میکر سید نورنے بطور جج جیوری میں شرکت کی جبکہ پنجاب پولیس کی جانب سے ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ طارق رستم چوہان، ڈی آئی جی آپریشنز وقاص نذیر اور ڈی آئی جی لاجسٹکس اطہر اسماعیل امجد بھی جیوری میں شامل تھے۔ پنجاب پولیس فلم فیسٹیول کیلئے چار پروڈکشن ہاؤسز نے پولیس سے متعلقہ موضوعات پر اپنی فلمیں جمع کروائیں۔ کلمسی سٹوڈیو نے ٹریگر، این سی فلمز نے حلف، بی ایچ ایم فلمز نے ججی اور اوئے رانے سٹوڈیو نے بازی کے عنوان سے فلمیں بنائیں، چاروں فلمیں پولیس فورس کے شب و روز، ڈیوٹی کے چیلنجز اور حالات زندگی کی عکاسی پر مبنی تھیں، چھ رکنی جیوری ممبران نے فیسٹیول کیلئے منتخب ہونے والی چار مختصر دورانئے کی فلموں کو دیکھا۔  جیوری ممبران نے پروڈکشن کے تمام پہلوؤں کا بغور جائزہ لیتے ہوئے بی ایچ ایم فلمز کی پیش کردہ ''ججی'' کو بطور بہترین فلم منتخب کیا، این سی فلمز کی حلف فیسٹیول کی دوسری بہترین فلم قرار پائی۔ فیسٹیول کی بہترین فلم ججی کو پنجاب پولیس کی جانب سے 20 لاکھ روپے کا انعام ایک تقریب میں دیا جائے گا۔  جیوری میں شامل فنکاروں کی آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے بھی ملاقات، فلم فیسٹیول کے انعقاد کو احسن اقدام قرار دیا۔

(روز نامہ سٹی 42)

****************