آئی جی سے پاکستان اوور سیز کمیونٹی گلوبل وفد کی ملاقات

Jan 20, 2024

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ دیار غیر میں مقیم اوور سیز پاکستانیوں کی شکایات اور مسائل پر فوری ریلیف دینے کیلئے تمام اضلاع میں خصوصی سیل قائم کر دیئے گئے جہاں اوور سیز پاکستانیوں کی کسی بھی پورٹل یا ذرائع سے موصولہ درخواستوں پر بلا تاخیر کاروائی اور ریلیف یقینی بنائی جا رہی ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ اوور سیز پاکستانیوں کی املاک کے تحفظ اور پاکستان اوورسیز کمیونٹی گلوبل سے کوارڈینیشن کیلئے  پولیس فوکل پرسن تعینات کیا جارہا ہے، ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ سنٹرل پولیس آفس میں آئی جی پی کمپلینٹ سنٹر 1787 میں بھی اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل کے ازالے کیلئے خصوصی ونگ بنایا گیا ہے جبکہ اوور سیز پاکستانیوں کو ڈرائیونگ لائسنسز کے آن لائن اجرا و تجدید کی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں پاکستان اوورسیز کمیونٹی گلوبل کے وفد سے ملاقات میں کیا۔ چیئرمین میاں طارق جاوید کی قیادت میں آئے 08 رکنی وفد میں کامران امین ملک، بیرسٹر بابر ہاشمی، عدیل منور، محمد عثمان، عید محمد،  سعدیہ سہیل، مظہر قریشی اور امتیاز منظور شامل تھے۔ دوران ملاقات اوور سیز پاکستانیوں کو درپیش مشکلات اور ان کی املاک کے تحفظ بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین پاکستان اوورسیز کمیونٹی گلوبل میاں طارق جاوید  نے بیرون ملک پاکستانیوں کی سہولت کیلئے متعدد اقدامات یقینی بنانے پر پنجاب پولیس کا شکریہ ادا کیا۔ 

(روز نامہ سٹی 42)

*******************