لاہور(کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے صوبائی دارالحکومت میں ای پولیس خدمت مرکز کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کی ہدایت کی ہے ای پولیس خدمت مرکز سے شہری ایک مشین پر 14 پولیسنگ سہولیات حاصل کر سکیں گے، مشین کےساتھ سکینر منسلک ہوگا اور فیس کی ادائیگی بذریعہ پی ایس آئی ڈے ہوگی آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے کہاکہ لاہور میں پائلٹ پراجیکٹ کے بعد ای خدمت مرکز کا دائرہ کار صوبے کے تمام اضلاع تک بڑھایا جائے گا۔ آئی جی پنجاب نے ٹریفک لائسنسنگ سے متعلقہ امور و مسائل کے ازالے کیلئے ٹریفک پولیس کو پی آئی ٹی بی کے ساتھ موثر کوارڈنیشن کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ 31 جنوری تک ویب پر مبنی آن لائن لائسنسنگ سمیت تمام سروسز کو ٹریفک ایپلی کیشن پر منتقل کیا جائے۔ آئی جی پنجاب نے ٹریفک پولیس کے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اور دفاتر کی تزئین و آرائش کا کام 31 جنوری تک مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ ماڈل ٹاؑؤن اور اچھرہ میں سپیشل انیشئیٹو پولیس اسٹیشن اور سائبان پراجیکٹ کو 10 جنوری تک مکمل کیا جائے اور سپیشل انیشئیٹو پروٹوکول کے ایس اوپیز کے مطابق تمام کام کو جلد از جلد مکمل کیاجائے آئی جی پنجاب نے کہاکہ شاندار کارکردگی کے حامل پولیس افسران کی عزت افزائی کیلئے سنٹرل پولیس آفس کی بیسمنٹ کی دیوار کو سجایا جائے گا اور اس دیوار پر شاندار کارکردگی کے حامل افسران کے نام، تصاویر اور شکریہ کے پیغامات درج ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے قربان پولیس لائنز میں سیف سٹی ہیڈ کوارٹرز میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس میں ای خدمت مرکز، ٹریفک لائسنسنگ امور، سپیشل انیشئیٹو پولیس اسٹیشنز سمیت دیگر محکمانہ امور زیر بحث آئے اجلاس میں صوبے کے مختلف اضلاع میں جاری سیف سٹی پراجیکٹس کے تعمیراتی کام کا بھی جائزہ لیا گیا۔
(روز نامہ پاکستان)
****************