پولیس ملازمین کے بچوں کو علاج کیلئے 19 لاکھ روپے سے زائد جاری

Jan 06, 2024

لاہور(کر ائم رپو رٹر)آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے پولیس ملازمین اور انکے بچوں کی ہیلتھ ویلفیئر کے لئے اقدامات جاری ہیں، لاہور سمیت مختلف اضلاع کے اہلکاروں کے بچوں کو علاج معالجے کیلئے مزید 19 لاکھ روپے سے زائد جاری کر دیئے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق مظفر گڑھ کے ہیڈ کانسٹیبل امداد حسین کو چار سالہ بیٹے عبدالرافع کے کوکلئیر امپلانٹ کیلئے 15 لاکھ روپے کی منظوری، کوکلئیر امپلانٹ سرجری کے بعد عبدالرافع سننے کے قابل ہوجائے گا اور نارمل زندگی گزارے گا، ڈرائیور کانسٹیبل پرویز اختر کو سات سالہ معذور بیٹے ایان کے علاج کیلئے  2 لاکھ روپے دئیے گئے،پی ٹی ایس سرگودھا کے کانسٹیبل محسن عباس کو بیٹے منظر عباس کے علاج معالجے کیلئے  1 لاکھ روپے دئیے گئے، ڈرائیور کانسٹیبل ریاست علی کو تھیلیسیمیا سے متاثرہ بیٹے عون محمد کے علاج کیلئے 70 ہزار روپے جاری، متوفی ہیڈ کانسٹیبل سید اعجاز حسین شاہ کے بیٹے کو گردوں کے علاج کیلئے 70 ہزار روپے دئیے گئے۔

(روز نامہ پاکستان)

*********************