سی ٹی ڈی کی اہم کامیابی

Jan 01, 2024

وطن عزیز میں حالیہ دہشت گردی کے اسباب و مقاصد اور ان کے پیچھے کارفرما عناصر سے کوئی بھی بے خبر نہیں،خاص طور پر ایسے حالات میں جبکہ پاکستان میں انتخابات کی آمد آمد ہے،دہشت گردی کی لہر میں شدت کا در آنا بے معنٰی نہیں،اسکے علاوہ دہشت گردی کے کچھ بین الاقوامی مقاصد بھی ہیں،جو ہمارا ہمسایہ ملک بھارت بہر صورت حاصل کرنا چاہتا ہے، پاکستان ان حقائق کا مکمل ادراک رکھتا ہے ۔ محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے پنجاب کے مختلف شہروں میںرواں ہفتے 1289 کومبنگ آپریشن ہیں جن میں 4164 مشتبہ افراد گرفتار کیے گئے ۔ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ محکمہ انسداد دہشت گردی نے 244انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں ٹی ٹی پی کے 14 دہشت گردوں سمیت 22 افراد کو گرفتار کیا جن میں لاہور اور راولپنڈی سے 6، بہاولپور سے 2، گوجرانوالہ سے 3 جبکہ بہاولنگر، ننکانہ صاحب، فیصل آباد، شیخوپورہ اور سرگودھا سے ایک، ایک دہشت گرد کو گرفتار کیا گیا۔

بہاولپور سے بلوچستان لبریشن آرمی(بی ایل اے) کے چیف کمانڈر ارشد کو بھی گرفتار کر کے اس کے قبضے سے بارودی مواد، 1 ہینڈ گرینیڈ، 2 ای ڈی بم، 28 ڈیٹونیٹرز، اسلحہ اور نقدی برآمد کر لی۔حکام کا کہنا تھا کہ گرفتار دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔پاکستان سردست ہمہ قسم کے بحرانوں سے دوچار ہے،جن میں دہشت گردی سنگین ترین ہے کہ یہ نہ صرف مملکت کے تمام تر امورپر اثر انداز ہوتی ہے بلکہ بیرونی ممالک بھی وطن عزیز کے بارے میں تحفظات کا شکار ہو جاتے ہیں۔ محکمہ انسدادِ دہشت ِگردی کی کارکردگی اس لیے بھی قابلِ ستائش ہے کہ دہشت گردوں کو ان کی کسی کارروائی سے قبل دبوچنا ہی اصل کامیابی ہے،یہ جنگ،جو ہم سب کی ہے اور ہنوز ختم نہیں ہوئی اسے ہم سب کو مل کر لڑنا اور جیتنا ہو گا۔ اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998۔

(روز نامہ جنگ)

*************