Dec 27, 2023
چیئرمین اخوت فاؤنڈیشن ڈاکٹر امجد ثاقب نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی، آئی جی پنجاب نے ڈاکٹر امجد ثاقب کو پولیس تحفظ مراکز کے کردار، اہمیت اور اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔ آئی جی پنجاب نے ڈاکٹر امجد ثاقب کو بتایا کہ معاشرے کے ٹھکرائے، نادار اور استحصال کا شکار افراد کیلئے پولیس تحفظ مراکز کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، تحفظ مراکز میں ٹرانسجینڈرز کو وکٹم سپورٹ آفیسر تعینات کیا گیا ہے، لاہور میں 03 جبکہ صوبے کے تمام اضلاع میں ایک تحفظ مرکز سماجی مسائل کے شکار شہریوں کو خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ تحفظ مراکز کے ذریعے تشدد کا شکار بے گھر بچوں، خواتین اور ٹرانسجینڈرز کی مدد و بحالی یقینی بنائی جا رہی ہے، اسی طرح منشیات کے عادی اور ذہنی امراض کا شکار بچوں و افراد کی مدد اور علاج معالجے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ ڈاکٹر امجد ثاقب نے پنجاب پولیس کے تحفظ مراکز کی کارکردگی اور خدمات کو سراہا۔
(روز نامہ سٹی 42)
******************
