لاہور(نامہ نگار)صوبہ بھر میں گزشتہ روز قائداعظم ڈیاور کرسمس کی تقریبات کی سکیورٹی کیلئے پولیس نے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے جبکہ پنجاب پولیس مسیحی عبادت گاہوں،حساس مقامات کی سکیورٹی کیلئے ہائی الرٹ رہی۔صوبہ بھر کے 3286 گرجا گھروں کی سکیورٹی کیلئے 26 ہزار 500 سے زائد افسران و اہلکار تعینات کئے گئے تھے۔ مسیحی شہریوں کی سکیورٹی کیلئے 2335 سی سی ٹی وی کیمرے،3427 میٹل ڈٹیکٹرز اور سینکڑوں واک تھرو گیٹس استعمال کئے گئے۔لاہور میں 622 مسیحی عبادت گاہوں کی سکیورٹی کیلئے 3422 افسران و اہلکار تعینات جبکہ 271 میٹل ڈٹیکٹرز اور 236 سی سی ٹی وی کیمرے استعمال کئے گئے۔خواتین مسیحی شہریوں کی سکیورٹی کیلئے لیڈیز پولیس اہلکار تعینات رہیں۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس کی ٹیموں نیصوبہ بھر کے 3286 گرجا گھروں کو اے، بی اور سی کیٹیگریز میں تقسیم کیا تھا،اے کیٹیگری میں 154، بی کیٹیگری میں 414، سی کیٹیگری میں 2718 گرجا گھر شامل تھے۔صوبہ بھر میں اے، بی اور سی کیٹیگری کے 3501 مسیحی عباداتی پروگرامز منعقد ہوئے۔جن کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی۔سی سی پی او لاہور، تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز، ضلعی ٹریفک افسران نے قائد ڈے کرسمس سکیورٹی و ٹریفک انتظامات کی خود نگرانی کی، مسیحی عبادت گاہوں کے ساتھ پارکوں، تفریحی مقامات، قونصلیٹ دفاتر سمیت تمام حساس تنصیبات کی سکیورٹی کا بھرپور خیال رکھا گیا۔سپروائزری افسران نے فیلڈ وزٹس کرکے سکیورٹی انتظامات کی انسپکشن کی اور قائد ڈے اور کرسمس کے موقع پر صوبہ بھر میں امن و امان کی فضاء برقرار رکھی۔
(روز نا مہ نوائے وقت)
*****************