آئی جی پنجاب عثمان انور کا ایس او ایس ویلج کا دورہ

Dec 25, 2023
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ایس او ایس ویلج کا دورہ کیا اور پنجاب پولیس کی گرلز کرکٹ ٹیم اور ایس او ایس چلڈرن ویلج کی گرلز ٹیم کے مابین کرکٹ میچ دیکھا، ایم ڈی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی احسن یونس، سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر، اے ایس پی شہربانو نقوی سمیت سینئر افسران ہمراہ تھے، آئی جی پنجاب اور سی ٹی او لاہور نے بچوں میں فٹ بال، کرکٹ بیٹ، بیڈ منٹن ریکٹ اور دیگر سامان تقسیم کیا،آئی جی پنجاب نے میچ میں حصہ لینے والے کم سن کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔اس موقع پر پنجاب پولیس کی جانب سے کھلاڑیوں میں انعامات اور تحائف بھی تقسیم کئے گئے۔ کھیلوں کا سامان اور تحائف ملنے پر ایس او ایس ویلج کے بچوں کی خوشی دیدنی تھی،
 
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ایس او ایس ویلج سپورٹس گراونڈ میں یتیم بچوں کے ساتھ کرکٹ کھیلی اور باؤلنگ بھی کروائی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ایس او ایس ویلج میں رہائش پذیر بچوں کے ساتھ خوشیاں بانٹنے آئے ہیں ، ان یتیم اور بے سہارا بچوں کو خوشی کے کچھ لمحات دے کر انکے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنا چاہتے ہیں ۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس تحفظ مرکز کے پلیٹ فارم سے یتیم اور بے سہارا بچوں کی مدد و کفالت کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور اس سلسلے میں دیگر سرکاری و نجی اداروں کے تعاون سے مزید اقدامات جاری رہیں گے.
(روز نامہ ایکسپریس)
***************