پولیس فورس سپورٹس کی سرپرستی کیلئے ترجیحی اقدامات جاری ہیں:آئی جی

Dec 24, 2023

اہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پنجاب پولیس کے انٹر رینج ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میچ دیکھاجس میں لاہور رینج اور ساہیوال رینج پولیس کی ہاکی ٹیموں مدمقابل تھیں۔ سابق اولمپیئن ہاکی پلیئر شہباز سینئر، خواجہ جنید، قاسم خان، چوہدری اختر رسول سمیت کئی نامور ہاکی پلئیرز بھی سٹیڈیم میں موجود تھے۔ ایم ڈی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی پیٹرن پاکستان پولیس ہاکی ٹیم احسن یونس، چیف سپورٹس آفیسر پاکستان پولیس سپورٹس بورڈ ڈی آئی جی اطہر اسماعیل، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سید علی ناصر رضوی، سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر سمیت سینئر افسران بھی موجود تھے۔ لاہور رینج پولیس ہاکی ٹیم نے ساہیوال پولیس کی ٹیم کو صفر،تین سے شکست دی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب پولیس انٹر رینج ہاکی ٹورنامنٹ کی فاتح لاہور رینج پولیس اور رنر اپ ٹیموں کو ٹرافیاں دیں اور میڈلز پہنائے، آئی جی پنجاب نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی، پنجاب پولیس انٹر رینج ہاکی ٹورنامنٹ میں لاہور، ساہیوال سرگودھا اور رحیم یار خان رینجز کی پولیس ہاکی ٹیموں نے حصہ لیا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پولیس فورس سپورٹس کی سرپرستی کیلئے ترجیحی اقدامات جاری ہیں ، پنجاب پولیس اپنے سپورٹس پلیئر کی بھرپور حوصلہ افزائی اور سہولیات فراہم کر رہی ہیں، آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس نے نیشنل سپورٹس ایونٹ میں 15 میڈلز حاصل کئے ہیں ، آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس میں سپورٹس کا کیڈر بحال کیا ہے، 18 سال بعد پولیس رینج کا ہاکی ٹورنامنٹ ہوا ہے، جیتنے والے کھلاڑیوں کیلئے انعامات کی رقم میں اضافہ کیا ہے، سنٹرل پولیس آفس میں سپورٹس وال بنائی ہے، ہمارے کھلاڑی قومی و بین الاقوامی سپورٹس ایونٹ میں پنجاب کی نمائندگی کر رہے ہیں،پنجاب پولیس کے سپورٹس سمیت تمام اچھے اقدامات جاری رہیں گے۔

(روز نامہ نوائے وقت)

******************