Dec 21, 2023
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت سے سنگین جرائم کے خاتمے میں آرگنائزڈ کرائم یونٹ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے،آرگنائزڈ کرائم یونٹ کا دائرہ کار صوبے کے تمام اضلاع تک بڑھائیں گے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ صوبائی دارالحکومت میں جرائم کنٹرول میں آرگنائزڈ کرائم یونٹ کا کردار 70 فیصد سے زائد ہے۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ آرگنائزڈ کرائم یونٹ کو جدید ٹیکنالوجی، ہیومن ریسورس اوروسائل کی فراہمی کیلئے ترجیحی اقدامات جاری رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں آرگنائزڈ کرائم یونٹ کے پیشہ ورانہ امور سے متعلقہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت آرگنائزڈ کرائم یونٹ کے پیشہ ورانہ امور بارے سنٹرل پولیس آفس میں اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم یونٹ کیپٹن ریٹائرڈ لیاقت علی ملک نے رواں برس کی کارکردگی بارے بریفنگ دی۔
ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم یونٹ کیپٹن ریٹائرڈ لیاقت علی ملک نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کو بتایا کہ آرگنائزڈ کرائم یونٹ نے رواں برس 24 ہزار 524 مقدمات کے چالان جمع کرواتے ہوئے 34619 ملزمان گرفتار کئے، قتل، ڈکیتی سمیت اے کیٹیگری کے 913 ملزمان جبکہ201 گینگز کے 662 ملزمان گرفتار کئے۔ جرائم کی مختلف وارداتوں میں لوٹی گئی 82 ملین روپے سے زائد رقم مجرمان سے ریکور کروا کر شہریوں کو واپس کی گئی۔
(روز نامہ جہان پاکستان)
*****************