فیصل ایدھی کی آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات

Dec 19, 2023
ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی، ایدھی فاؤنڈیشن کے عہدیداران فیصل جلال اور منصور بھی انکے ہمراہ تھے جبکہ ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر محمد ریاض نذیر گاڑا، ڈی آئی جی ویلفیئر غازی محمد صلاح الدین، اے آئی جی ویلفیئر نوید اجمل بھی ملاقات میں موجود تھے۔ دوران ملاقات گمشدہ اور گھر سے بھاگے بچوں کی تلاش کے لئے پنجاب پولیس کی میرا پیارا ایپ کو ایدھی فاؤنڈیشن کے سسٹم کے ساتھ منسلک کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ فیصل ایدھی عظیم باپ کے عظیم بیٹے ہیں، خدمت خلق کے کاموں میں ایدھی فاونڈیشن کا کوئی ثانی نہیں، پنجاب پولیس خدمت خلق کے کاموں میں ایدھی فاؤنڈیشن کو مکمل سپورٹ اور تعاون فراہم کرے گی، آئی جی پنجاب نے کہاکہ خدمت خلق اور ویلفیئر کے کاموں میں ایدھی فاؤنڈیشن  سے کوارڈی نیشن کیلئے فوکل پرسن مقرر کریں گے، ڈاکٹر عثمان انورنے ایدھی وفد کو بتایا کہ پنجاب پولیس کی میرا پیارا ایپ 2500 سے زائد گمشدہ بچوں کو والدین سے ملوا چکی ہے ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے کہاکہ پنجاب پولیس اور ایدھی فاؤنڈیشن مل کر گمشدہ بچوں کی تلاش اور والدین سے ملانے کا کام کریں گے۔
(روز نامہ سٹی 42)
******************