ٹوبہ ٹیک سنگھ ، بیٹے نے والدہ ،2 بہنوئی ،بہن اور بھانجی کو قتل کردیا ،آئی جی پنجاب کا واقعہ کا نوٹس

Dec 14, 2023

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نمائندہ جنگ)ٹوبہ ٹیک سنگھ میں جائیداد کی تقسیم کے تنازعہ پر بیٹے نے والدہ ،2بہنوئی ،بہن اور بھانجی کو قتل کردیا ، پولیس ذرائع کے مطابق نواحی چک نمبر 327ج ب (بھلیر) کے رہائشی ملزم عمران جٹ نے اپنے دو نامعلوم ساتھی ملزمان کے ساتھ مل کر منگل اور بدھ کی درمیانی شب اپنے بہنوئی محلہ ہیرا کالونی کے رہائشی ریٹائرڈ ریلوے ملازم عبدالقدیر، بہن فرحت نسرین، والدہ نسیم بی بی اور کمسن بھانجی نین تارا کو فائرنگ کر کے قتل دیا، بعد ازاں علی الصبح اپنے دوسرے بہنوئی محلہ نیلم جبار ٹاؤن کے رہائشی عبدالخالق کو قتل جبکہ اسکے بھتیجے اسامہ کو شدید زخمی کر دیا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبادت نثار پولیس ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے،ریسکیو ٹیم نے زخمی اور لاشوں کو ضروری قانونی کاروائی کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا،وجہ عناد ملزم اور اسکی بہنوں کے مابین عرصہ دراز سے جائیداد کی تقسیم پر مقدمہ بازی بتائی جاتی ہے۔

 تھانہ سٹی پولیس نے مقتول عبدالقدیر کے پہلی بیوی سے بیٹے عمیر قدیر کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے، تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی ہے۔نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے فوری رپورٹ طلب کر لی اور ملزمان کی جلد گرفتاری کی ہدایات جاری کی ہیں،دریں اثناء انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نےآر پی او فیصل آباد اور ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا ٹاسک دے دیا۔آئی جی نے ہدایت کی کہ سپروائزری افسران مقتولین کے لواحقین سے قریبی رابطہ رکھیں ، واقعہ کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیتے ہوئے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے، انصاف کی جلد از جلد فراہمی میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے