آئی جی پنجاب کی سنٹرل پولیس آفس میں کھلی کچہری، سائلین کے مسائل سنے

Dec 08, 2023

لاہور (کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہریوں کے مسائل کے ازالے میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے افسران کو فوری ازالے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے متعلقہ سپروائزری افسران کو وارننگ دیتے ہوئے کہاکہ شہریوں کی درخواستوں کے ازالے میں دانستہ تاخیر کسی صورت برداشت نہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ عام آدمی کو انصاف کی فوری فراہمی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کوئی کوتاہی ناقابل قبول ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ تمام ڈی پی اوز 1787 کمپلینٹ سنٹر اور سنٹرل پولیس آفس سے بھجوائی گئی درخواستوں کے فوری ازالے کو ہر صورت یقینی بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار آئی جی پنجاب نے سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ کھلی کچہری میں افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہریوں کے مسائل کے ازالے کیلئے سنٹرل پولیس آفس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، آئی جی پنجاب نے شہریوں کی درخواستوں پر متعلقہ سپروائزری افسران سے رپورٹس بھی طلب کرلیں۔ کھلی کچہری میں آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ کی پیش کردہ درخواستیں بھی سنیں۔

(روز نامہ پاکستان)

*************