آئی جی سے فلاحی تنظیم کے عہدیداروں کی ملاقات

Dec 08, 2023

 انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے بے گھر بچوں کے تحفظ کیلئے سرگرم نجی فلاحی ادارے (ہولسٹک فوسٹر کئیر) کے عہدیداران نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ نجی ادارے (ہولسٹک فوسٹر کئیر) کے ڈائریکٹر ابتسام الرحمان، چیف آپریشنز آفیسر حرا جاوید کے علاوہ سماجی کارکن ذوفشاں انوشے وفد میں شامل تھے۔ دوران ملاقات شاہرات پر رہنے والے بے گھر، یتیم اور لاوارث بچوں کی سرپرستی کیلئے تحفظ منزل (Orphanage) کے قیام بارے تبادلہ خیال کیا گیا، پنجاب پولیس اور نجی فلاحی ادارے کے اشتراک سے لاہور میں تحفظ منزل کا قیام عمل میں لائے جانے بارے بھی گفتگو کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پولیس تحفظ منزل میں مختلف سماجی مسائل کی شکار خواتین کو رضاعی ماؤں کے طور پر نوکری دی جائے گی، یہ والنٹیرز رضاعی مائیں یتیم اور بے سہارا بچوں کو مامتا کی محبت اور گھر کا ماحول فراہم کریں گی۔ تحفظ منزل میں مختلف اداروں کے تعاون سے بے سہارا بچوں کی تعلیم، خوراک اور تربیت کیلئے سہولیات کا انتظام کیا جائے گا، اجلاس میں تحفظ منزل کے قیام، انتظامی امور اور اغراض و مقاصد بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، ایڈیشنل آئی جی فنانس اینڈ ویلفیئر محمد ریاض نذیر گاڑا، ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری، ڈی آئی جی آپریشنز وقاص نذیر، ایس ایس پی صاحبزادہ بلال عمر اور اے آئی جی ایڈمن عمارہ اطہر سمیت سینئر افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

(روز نامہ نئی بات)

********************