سعودی عرب سے ایک اور مفرور اشتہاری گرفتار

Dec 05, 2023

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر بیرون ملک مفرور اشتہاری مجرمان کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی لائی گئی ہے جس کے تسلسل میں سعودی عرب سے ایک اور اشتہاری گرفتار ہو کر وطن واپس پہنچ گیا ہے۔ بہاولنگر پولیس کو مطلوب اشتہاری عبدالغفار واردات کے بعد سعودی عرب فرار ہو گیا تھا، پنجاب پولیس نے انٹرپول سے ملزم کا ریڈ نوٹس جاری کروایا، مسلسل تعاقب جاری رکھا۔اشتہاری عبدالغفار بذریعہ انٹر پول سعودی عرب سے گرفتار ہوا اور قانونی مراحل کے تحت وطن واپس پہنچ گیا، بہاولنگر پولیس نے ائیر پورٹ پر اشتہاری عبدالغفار کو حراست میں لے لیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ رواں برس بیرون ممالک سے گرفتار ہونے والے اشتہاری مجرمان کی مجموعی تعداد 144 ہو گئی ہے۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ قانونی مراحل جلد از جلد مکمل کرکے مجرم کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے، آئی جی پنجاب نے مزید کہاکہ سنگین مقدمات میں مطلوب خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے۔

(روز نامہ سٹی 42)

************