پنجاب پولیس کو مطلوب مزید 2 اشتہاری دبئی سے گرفتار

Dec 01, 2023
 انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر سنگین جرائم کا ارتکاب کرکے بیرون ملک مفرور ہونے والے اشتہاری مجرمان کے خلاف پنجاب پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے جس کے تسلسل میں قتل کے مقدمات میں مطلوب مزید دو خطرناک اشتہاری مجرم دبئی سے گرفتارکرکے پولیس ٹیم وطن واپس پہنچ گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس کی ٹیم نے اشتہاری محمد اویس نصیر اور محمد ارشد کو متحدہ عرب امارات سے گرفتار کیا۔ اشتہاری محمد اویس نصیر فیصل آباد پولیس کو 2018 سے قتل کے مقدمہ میں مطلوب تھا جبکہ اشتہاری محمد ارشد ملتان پولیس کو گذشتہ ایک برس سے قتل کے واقعہ میں مطلوب تھا۔پنجاب پولیس نے انٹرپول سے دونوں مجرمان کے ریڈ نوٹسزجاری کروائے اور گرفتاری کیلئے مسلسل فالو اپ جاری رکھا۔ رواں برس بیرون ممالک سے گرفتار ہونے والے اشتہاری مجرمان کی مجموعی تعداد 141 ہو گئی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اے کیٹیگری خطرناک اشتہاریوں کو بیرون ممالک سے ٹریس کرکے گرفتار کرنے پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہاکہ قانونی مراحل جلد از جلد مکمل کرکے دونوں مجرمان کو قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے سنگین جرائم میں مطلوب خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاری میں کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کی ہدایت دی۔
(روز نامہ ایکسپریس)
******************