پنجاب پولیس کے بیرون ملک مفرور اشتہاری مجرمان کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی، مزید 02 اشتہاری گرفتار
پنجاب پولیس کی ٹیم اشتہاری ملزمان حامد علی اور محمد اعظم کو متحدہ عرب امارات سے گرفتار کر کے لاہور ائیر پورٹ پر پہنچ گئی،
دونوں اشتہاری مجرمان لاہور پولیس کو قتل کے الگ الگ واقعات میں 2016 سے مطلوب تھے،ترجمان پنجاب پولیس
رواں برس بیرون ممالک سے گرفتار ہونے والے اشتہاری مجرمان کی مجموعی تعداد 139 ہو گئی۔
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس کا بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن بلا تعطل جاری ہے اسی سلسلے میں جاری کاروائیوں کے دوران لاہور پولیس کی ٹیم قتل کی وارداتوں کے بعد متحدہ عرب امارات فرار ہونے والے دو خطرناک اشتہاریوں کو گرفتار کرکے وطن واپس لے آئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس لاہور کی ٹیم اشتہاری ملزمان حامد علی اور محمد اعظم کو متحدہ عرب امارات سے گرفتار کر کے لاہور ائیر پورٹ پر پہنچی، دونوں اشتہاری مجرمان لاہور پولیس کو قتل کے الگ الگ واقعات میں 2016 سے مطلوب تھے، پنجاب پولیس، انٹرپول اسلام آباد اور ابوظہبی پولیس کی باہم کوارڈی نیشن سے اشتہاریوں کو گرفتار کیا گیا، ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ مذکورہ اشتہاریوں کی گرفتاری سے رواں برس بیرون ممالک سے گرفتار ہونے والے اشتہاری مجرمان کی مجموعی تعداد 139 ہو گئی ہے۔ ان اشتہاری مجرمان کو امریکہ، برطانیہ، یورپ، جنوبی افریقہ، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور عمان سمیت دیگر ممالک سے گرفتار کرکے وطن واپس لایا گیا ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اے کیٹیگری خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاری پر پولیس ٹیم کو شاباش دی ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ قانونی مراحل جلد از جلد مکمل کرکے مجرمان کو قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں، آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ سنگین جرائم میں مطلوب خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاریوں کیلئے کریک ڈاؤن کو مزید تیز کیا جائے، اور بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے آر پی اوز، ڈی پی اوز آپریشنز کی خود نگرانی کریں۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر 849)
سیدمبشر حسین
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************

Press Release Date:
Tuesday, November 28, 2023