پنجاب اور جیانگ سو پولیس میں سکیورٹی و سٹر یٹیجک تعلقات کو مضبوط بنانے پر اتفاق

Nov 27, 2023

 لاہور (کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی دعوت پر چینی صوبے جیانگ سو پولیس کا اعلی سطحی وفد پاکستان کے5 روزہ دورے پر لاہور پہنچ گیا۔ چینی صوبہ جیانگ سو پولیس کے ڈپٹی ڈی جی پبلک سکیورٹی، مسٹر تین یونگ شنگ کی قیادت میں جیانگ سو پولیس کے مختلف عہدیداران نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا۔ چینی وفد میں شین زیانگ ڈائریکٹر پبلک سکیورٹی ڈیٹا ایڈمنسٹریشن بیورو، وینگ بنگڈ سٹینڈنگ ڈپٹی ڈی جی نین جیانگ پبلک سکیورٹی بیورو، یوآن زیولائی ڈائریکٹر پبلک آرڈر ایڈمنسٹریشن، مسٹر ہو زیاؤ ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ووکسی پبلک سکیورٹی بیورو اور شاؤ وی من ڈپٹی ڈائریکٹر انٹرنیشنل کوآپریشن بیورو شامل تھے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور سینئر پولیس افسران نے جیانگ سو پولیس وفد میں شامل افسران کو پنجاب کی روایتی ثقافتی پگڑیاں پہنائیں۔  دوران اجلاس پنجاب اور جیانگ سو پولیس حکام کے درمیان سکیورٹی و سٹریٹیجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق رائے کیا گیا، پنجاب اور جیانگ سو پولیس اداروں کے درمیان ٹریننگ، سکیورٹی و ٹیکنکل امور میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

چینی پولیس افسران حالیہ دورہ  میں پنجاب پولیس کے مختلف یونٹس کی ورکنگ کا جائزہ لیں گے،باہمی تعاون کے فروغ کو حتمی شکل دینگے بعد ازاں چینی صوبہ جیانگ سو پولیس کے اعلیٰ سطحی وفد نے ڈپٹی ڈی جی پبلک سکیورٹی کی قیادت میں سپیشل برانچ پنجاب رابرٹس کلب ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ سپیشل برانچ اور چینی وفد کے درمیان سووینئرز اور تحائف کا تبادلہ کیا گیا۔  ڈی آئی جی سپیشل برانچ فیصل علی راجہ، ڈی آئی جی اظہر اکرم، ڈی آئی جی طیب حفیظ چیمہ، ڈی آئی جی صادق علی ڈوگر و دیگر سینئر افسران تقریب میں موجود تھے۔چینی وفد نے شام کے وقت واہگہ بارڈر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پریڈ اور پرچم کشائی کی روایتی تقریب میں شرکت کی۔ چینی وفد کو پنجاب کی ثقافت اور وہاں موجود روایتی ثقافتی ماڈلز بارے آگاہی دی  گئی پنجاب پولیس کے سینئر افسران چینی وفد کے ہمراہ تھے۔

(روز نامہ پاکستان)

**************