Nov 24, 2023
آسٹریلین ہائی کمشنر مسٹر نیل ہاکنز کی قیادت میں آسٹریلوی ہائی کمیشن کے وفد نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی، آسٹریلوی ہائی کمیشن کے وفد میں سیکنڈ سیکرٹری پولیٹیکل میری رابرٹسن، پروگرام آفیسر متین امین سمیت دیگر افسران شامل تھے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نیآسٹریلین ہائی کمشنر کوکرکٹ ٹیم کے ورلڈ کپ جیتنے پر مبارک باد دی۔ دوران ملاقات پنجاب پولیس اور آسٹریلوی حکومت کے درمیان سکیورٹی امور میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق رائے ہوا۔آسٹریلوی ہائی کمشنرنیل ہاکنز نے کہاکہ پنجاب پولیس کی استعداد کار میں اضافے کیلئے جدید ٹریننگ، تکنیکی معاونت فراہم کریں گے۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر نے دہشت گردی کے خاتمے میں فرنٹ لائن فورس کی حیثیت سے پنجاب پولیس کی کاوشوں اور قربانیوں کو سراہا،آسٹریلوی ہائی کمشنر نے کہا کہ اقلیتوں کے تحفظ کیلئے پنجاب پولیس کا کلیدی کردار قابل ستائش ہے،آسٹریلوی وفد کو پنجاب پولیس میں ویمن امپاورمنٹ، تحفظ مراکز، میثاق سنٹرز اور پولیس ڈیش بورڈ کی فیچرز بارے آگاہ کیا گیا۔، آسٹریلوی ہائی کمشنر نے کہاکہ میثاق سنٹرز، تحفظ و خدمت مراکز، سیف سٹیز پنجاب پولیس کے قابل ستائش فلیگ شپ پراجیکٹس ہیں جن کی خدمات قابل ستائش ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آسٹریلوی وفد کو غیر ملکی شہریوں اور اقلیتوں کے تحفظ کیلئے جاری اقدامات بارے آگاہ کیا۔
(روز نامہ سٹی 42)
