قتل اور اغوا جیسے سنگین جرائم میں ملوث خطرناک اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن بلا تعطل جاری، 04 خطرناک اشتہاری متحدہ عرب امارات سے گرفتار۔
رواں برس بیرون ممالک سے گرفتار ہونے والے اشتہاری مجرمان کی مجموعی تعداد 134ہو گئی،ترجمان پنجاب پولیس
اغوا کے مقدمہ میں کئی سال سے مطلوب اے کیٹیگری کا خطرناک اشتہاری صداقت علی متحدہ عرب امارات سے گرفتار،
قتل کی مختلف وارداتوں میں مطلوب تین اشتہاری قیصر الطاف، محمد یونس اور اعجاز خان گرفتار ملزمان میں شامل۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی پولیس ٹیموں کو شاباش، قانونی کاروائی مکمل کرکے ملزمان کو سخت سزا دلوائی جائے۔ آئی جی پنجاب
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر بیرون ملک مفرورخطرناک اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور اس سلسلے میں قتل اور اغواء کے مقدمات میں ملوث چار خطرناک گرفتار ہوکر وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ قتل، ڈکیتی اور اغوا جیسے سنگین جرائم میں ملوث خطرناک اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن بلا تعطل جاری ہے اور رواں برس بیرون ممالک سے گرفتار ہونے والے اشتہاری مجرمان کی مجموعی تعداد 134 ہو گئی ہے، ان ملزمان کو امریکہ، برطانیہ، جنوبی افریقہ، یورپ، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب سمیت دیگر ممالک سے گرفتار کرکے وطن واپس لایا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اغوا کے مقدمہ میں کئی سال سے مطلوب اے کیٹیگری کے خطرناک اشتہاری صداقت علی کو بالا خر متحدہ عرب امارات سے گرفتار کرلیا گیا ہے، اشتہاری صداقت علی 2019ء میں تین بچوں کو اغوا کرکے متحدہ عرب امارات فرار ہوگیا تھا،پنجاب پولیس نے انٹرپول سے ریڈ نوٹس جاری کروایا، ملزم کی گرفتاری کیلئے متحدہ عرب امارات کی حکومت سے مسلسل فالو اپ کیا،متحدہ عرب امارات پولیس نے بالاخر ملزم کو گرفتار کرکے پاکستان کے حوالے کردیا۔ اشتہاری صداقت علی کے ساتھ تین بچے بھی پاکستان واپس آ گئے ہیں، پنجاب پولیس نے بچوں کی واپسی کیلئے ییلو (Yellow) نوٹسز جاری کروائے گئے۔ گرفتار ہونے والے دیگر تین مجرمان میں قیصر الطاف، محمد یونس اور اعجاز خان شامل تھے، ملزم اعجاز خان گجرات میں قتل کی واردات کے بعد دبئی فرار ہوگیا تھا جبکہ قیصر الطاف اور محمد یونس راجن پور پولیس کو قتلوں کے دو واقعات میں مطلوب تھے۔ پنجاب پولیس نے انٹرپول سے مذکورہ ملزمان کے ریڈ نوٹسز جاری کروائے اور مسلسل تعاقب جاری رکھا، بالاخر تینوں ملزمان کو گرفتار کرکے پنجاب پولیس کی ٹیم گذشتہ شب سیالکوٹ ائیر پورٹ پہنچی۔ ائیر پورٹ پر تمام ملزمان کو متعلقہ اضلاع کی پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اے کیٹیگری خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاری پر سپیشل آپریشن سیل گوجرانوالہ ٹیم اور دیگر ٹیموں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ قانونی مراحل جلد مکمل کرکے مجرم کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے، آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ سنگین جرائم میں ملوث خطرناک اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کو مزید تیز کیا جائے اور ایف آئی اے، انٹرپول اور دیگر اداروں کے ساتھ باقاعدگی سے انفارمیشن شئیرنگ کی جائے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ آر پی اوز، ڈی پی اوز بیرون ملک مفرور خطرناک اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی خود نگرانی کریں اور اندرون ملک و بیرون ملک کریک ڈاؤن کو موثر سپرویژن سے مزید موثر بنایا جائے۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر 823)
سیدمبشر حسین
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************

Press Release Date:
Tuesday, November 21, 2023