آئی جی کی سنٹرل پولیس آفس میں کھلی کچہری ‘شہریوں‘ملازمین کے مسائل سنے

Nov 18, 2023

لاہور(کر ائم رپو رٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنٹرل پولیس آفس میں کھلی کچہری کا انعقاد کر کے شہریوں کے مسائل سنے۔آئی جی پنجاب نے شہریوں کی درخواستوں پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ریلیف بارے احکامات جاری کئے۔ آئی جی پنجاب نے مختلف اضلاع کے متعلقہ سپروائزری افسران سے رپورٹس طلب کیں ، ڈاکٹر عثمان انور نے شہریوں کی درخواستوں کو ایس او پیز کے مطابق بلا تاخیر حل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تمام ڈی پی اوز سنٹرل پولیس آفس سے بھجوائی گئی درخواستوں کو اپنی نگرانی میں فوری حل کرکے رپورٹس ارسال کریں، کھلی کچہری میں آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ کی پیش کردہ درخواستیں بھی سنیں۔ آئی جی پنجاب نے فیملی کوٹے پر بھرتی اور ہیلتھ ویلفیئر سے متعلقہ درخواستوں پر احکامات جاری کئے ملازمین کی ایڈمن، ڈسپلن اور ویلفیئر سے متعلقہ تمام درخواستوں کو میرٹ کے مطابق بلا تاخیر حل کیا جائے ۔ پولیس ملازمین کی مشکلات کا ازالہ کرکے ہی ہم ان سے اچھی پرفارمنس کا تقاضا کر سکتے ہیں ۔ شہریوں اور ملازمین کے ریلیف کیلئے سنٹرل پولیس آفس میں روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری منعقد کی جارہی ہے۔ 

(روز نامہ پاکستان)

****************