آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ آمد، زیر تربیت پولیس افسران اور اہلکاروں سے خطاب
پنجاب پولیس کو دہشت گردی کے چیلنجز کا سامنا ہے،ملک دشمن قوتوں کو دوبارہ سر اٹھانے نہیں دیں گے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور
نامساعد حالات، محدود وسائل کے باوجود عوام اور سماج دشمن عناصر کے درمیان سیسہ پلائی دیوار ہیں، آئی جی پنجاب
10ماہ قبل فورس کے انفراسٹرکچر، پروموشنز، ویلفیئر کی بہتری، مثبت نتائج کے لئے اعتماد کے سفر کا آغاز کیا، آئی جی پنجاب
پولیس سے بڑھ کر ملکی اندرونی سرحدوں، شہریوں کی حفاظت کرنے والا کوئی اور ادارہ نہیں ہے، ڈاکٹر عثمان انور
انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ کا دورہ کیا اورمختلف کورسز میں زیرتربیت پولیس افسران و اہلکاروں اور لیڈی افسران سے خطاب میں اہم ہدایات جاری کیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پنجاب پولیس کو دہشت گردی، شدت پسندی اور فرقہ واریت کے چیلنجز کا سامنا ہے تاہم پولیس فورس ملک دشمن قوتوں کو دوبارہ سر اٹھانے نہیں دے گی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پنجاب پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان کے شانہ بشانہ گراں قدر قربانیاں دیں، پولیس کے جوان نامساعد حالات، محدود وسائل کے باوجود عوام اور سماج دشمن عناصر کے درمیان سیسہ پلائی دیوار ہیں، آئی جی پنجاب نے کہاکہ 10ماہ قبل فورس کے انفراسٹرکچر، پروموشنز، ویلفیئر میں بہتری، مثبت نتائج کے لئے اعتماد کے سفر کا آغاز کیاجس کے اثرات بتدریج صوبے کی عوا م کو منتقل ہورہے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان نے کہاکہ پولیس سے بڑھ کر ملکی اندرونی سرحدوں، شہریوں کی حفاظت کرنے والا کوئی اور ادارہ نہیں ہے، جرائم کا قلع قمع، بہترین سروس ڈلیوری سے پنجاب پولیس کا مثبت تشخص دنیا کے سامنے لانا آپ سب کی ذمہ داری ہے، ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پولیس کالجز اور سکولز میں ماڈرن پولیسنگ اور سہولیات کے مطابق ٹریننگ نصاب کو اپ گریڈ کیا گیا ہے۔ پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ کے ساتھ فاروق آباد، سہالہ، ملتان اور سرگودھا کے ٹریننگ اداروں میں تربیتی سکلز اور سلیبس کو مزید بہتر بنایا گیا ہے تاکہ زیر تربیت افسران واہلکارتربیت مکمل کرکے فیلڈ میں آکر عوامی خدمت و حفاظت کے فرائض سر انجام دے سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ کے دورے کے موقع پر افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کی طرف سے پاسبان کی سمری منظوری کے بعد جلد ہی 05 ہزار نئی پروموشنز ہونگی، تیزتر ترقیوں اور ویلفیئر اقدامات کا ثمر خوش اخلاقی سے بہترین کارکردگی کی صورت شہریوں کو منتقل کریں۔ آئی جی پنجاب نے فورس کی ویلفیئر اقدامات بارے بتایا کہ رواں سال شہدا اور ڈیتھ ان سروس کلیم کے تحت 1500 ملازمین کے بچوں کو محکمہ میں ملازمت دی گئی ہے، فورس کی ہیلتھ ویلفیئر پر 250 کروڑ روپے خرچ کئے، اگلے سال 350 کروڑ روپے خرچ کر رہے ہیں،آئی جی پنجاب نے مزیدکہاکہ پولیس ملازمین کے بچوں کی تعلیم پر رواں سال 85 کروڑ روپے، اگلے سال 100 کروڑ روپے سکالرشپ کی مد میں خرچ کریں گے، ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ کے تمام شعبوں میں بہتری لانے پر کمانڈنٹ ڈی آئی جی محبوب اللہ کی کاوشوں کو سراہا،آئی جی پنجاب کا سپورٹس و تعمیری سرگرمیوں میں بہترین کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کے لئے 25 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان بھی کیا۔ چوہنگ کالج دورے کے موقع پر آئی جی پنجاب نے پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ کے سٹاف اور زیرتربیت افسران کے مسائل سنے، حل کے لئے موقع پر احکامات بھی جاری کئے۔ ایس پی ایڈمن ڈاکٹر بشری جمیل، ڈی ایس پیز، انسٹرکٹرز سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے،چوہنگ کالج میں پروبیشنر کلاس کورس، انویسٹی گیشن، لیڈی ریکروٹ اور ٹریفک پولیس کے تربیتی کورسز جاری ہیں۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر 807)
سیدمبشر حسین
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************

Press Release Date:
Thursday, November 16, 2023