پنجاب پولیس کا خطرناک اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز، قتل کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری 17 سال بعد اٹلی سے گرفتار

پنجاب پولیس کا خطرناک اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز، قتل کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری 17 سال بعد اٹلی سے گرفتار
رواں برس بیرون ممالک سے گرفتار ہونے والے اشتہاری مجرمان کی مجموعی تعداد 129 ہو گئی۔
مجرم اشتہاری ابرار حسین نے 2006 میں اپنے ساتھیوں کےساتھ مل کر دو شہریوں کو گوجرانوالہ سیٹلائٹ ٹاؤن میں قتل کیا تھا،
مجرم اشتہاری وقوعہ کے بعد پہلے ساوتھ افریقہ پھر ہالینڈ فرار ہوگیا تھا ،

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس کا خطرناک اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن بلا تعطل جاری ہے جس کے تسلسل میں دوہرے قتل کے مقدمہ میں مطلوب خطرناک اشتہاری 17 سال بعد اٹلی سے گرفتار ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مجرم اشتہاری ابرار حسین نے 2006 میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر سیٹلائٹ ٹاؤن گوجرانوالہ میں دو شہریوں کو قتل کیا تھا، مجرم اشتہاری وقوعہ کے بعد پہلے ساؤتھ افریقہ پھر ہالینڈ فرار ہوگیا تھا ، پنجاب پولیس نے انٹرپول سے ریڈ نوٹس جاری کروایا ، گرفتاری کیلئے مسلسل فالو اپ جاری رکھا۔ ملزم کو بالاخر تین ماہ قبل اٹلی میں گرفتار کیا گیا ، انسپکٹر خالد وریاہ کی قیادت میں ٹیم اشتہاری کو لے کر اٹلی سے پاکستان روانہ ہوئی ۔ اشتہاری ملزم آج رات پاکستان پہنچ جائے گا۔  ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ رواں برس بیرون ممالک سے گرفتار ہونے والے اشتہاریوں کی مجموعی تعداد 129 ہو گئی ہے۔ ان اشتہاریوں کو امریکہ، برطانیہ، ساوتھ افریقہ ، متحدہ عرب امارات ، یورپ اور دیگر خلیجی ممالک سے گرفتار کرکے وطن واپس لایا گیا ہے ۔

آئی جی پنجاب نے اے کیٹیگری خطرناک اشتہاری کی گرفتاری پر سپیشل آپریشن سیل گوجرانوالہ کی ٹیم کو شاباش دی ۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ قانونی مراحل جلد مکمل کرکے مجرم کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے، آئی جی پنجاب نے کہا کہ قتل، ڈکیتی اور اغواء میں ملوث خطرناک اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کو مزید تیز کیا جائے اور ایف آئی اے، انٹرپول اور دیگر اداروں کے ساتھ باقاعدگی سے انفارمیشن شئیرنگ کی جائے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ آر پی اوز، ڈی پی اوز بیرون ملک مفرور خطرناک اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی خود نگرانی کریں۔
 

(ہینڈ آؤٹ  نمبر 795 )

سیدمبشر حسین

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

Press Release Date: 
Sunday, November 12, 2023