مسیحی تعلیمی اداروں کی سکیورٹی پہلی تر جیح: آئی جی

Nov 08, 2023
 انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ مسیحی عبادت گاہوں کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں کی فول پروف سکیورٹی بھی پنجاب پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں جامع حکمت عملی کے تحت ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پنجاب پولیس صوبہ بھر میں مسیحی برادری، گرجا گھروں اور مسیحی تعلیمی اداروں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کر رہی ہے، آئی جی پنجاب نے کہاکہ پنجاب بھر میں مسیحی برادری سمیت اقلیتوں کے مسائل کے حل اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لئے میثاق سنٹرز قائم کئے ہیں جہاں مسیحی شہریوں کو کسی بھی مشکل کی صورت میں فوری ریلیف فراہم کیا جارہا ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ ہر اتوار کے روز مسیحی دعائیہ پروگرامز کے موقع پر بھی صوبہ بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جاتے ہیں اور مسیحی کمیونٹی لیڈرز کی مشاورت سے سکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر سے بہتر بنایا جائے گا۔ آئی جی پنجاب نے ان خیالات کا اظہار آج سنٹرل پولیس آفس میں پریسبیٹیرین ایجوکیشن بورڈ کے وفد کے اراکین سے ملاقا ت کے دوران کیا۔ چیئرپرسن پریسبیٹیرین ایجوکیشن بورڈ میگی ٹریمبل کی قیادت میں 07 رکنی وفد نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی، ایگزیکٹو سیکرٹری پریسبیٹیرین چرچ آف پاکستان ریفرنڈم ڈاکٹر مجید ایبل، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پریسبیٹیرین ایجوکیشن بورڈ،ویدا جاوید و دیگر ارکان وفد میں شامل تھے.
(روز نامہ ایکسپریس)
**************