آئی جی سے لاہور گریژن یونیورسٹی رضا کاروں کی ملاقات

Nov 02, 2023
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنٹرل پولیس آفس میں لاہور گریژن یونیورسٹی کے طلبا و طالبات سے ملاقات کی۔ ان طلبا و طالبات نے پنجاب پولیس کے ساتھ بطور والنٹئیرز کام کرتے ہوئے پولیس ورکنگ بارے مکمل آگاہی حاصل کی ہے۔آئی جی پنجاب نے لاہور گریژن یونیورسٹی کے طلبا وطالبات کو پولیس والنٹئیرز کورس مکمل کرنے پر سرٹیفیکیٹس دئیے۔ آئی جی پنجاب نے طلبا وطالبات کے ساتھ گفتگو میں کمیونٹی پولیسنگ کے متعلق جاری اقدامات بارے آگاہ کیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ نوجوان طلبا و طالبات پاکستان کا مستقبل ہیں جنہوں نے عملی زندگی کے مختلف شعبوں میں قیادت سنبھالنی ہے، پنجاب پولیس نوجوان طلبا کے ساتھ روابط کو بڑھا کر تعلیم و تحقیق کے کلچر کو فروغ دے رہی ہے۔ ڈاکٹرعثمان انور نے کہاکہ طلبا کو پنجاب پولیس میں انٹرن شپ کا موقع دیا گیا، فرینڈ شپ ان پولیس، والنٹئیرز ان پولیس پروگرامز شروع کئے ہیں جن کے تحت پنجاب پولیس یونیورسٹی طلبا و طالبات کو پولیس ورکنگ، جرائم کنٹرول اور پبلک سروس ڈلیوری بارے آگاہی دے رہی ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پولیس والنٹئیرز معاشرے میں پنجاب پولیس کے ایمبیسیڈرز کے طور پر اپنا موثر کردار ادا کریں گے.
(روز نامہ سٹی 42)
*************