آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا غیر قانونی تارکین وطن کے انخلا کے حوالے سے اہم پیغام
حکومت پاکستان کی پالیسی کے مطابق غیر ملکی تارکین وطن کے انخلا کے لئے اضلاع کو مختلف تاریخوں میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب
غیر ملکی شہریوں کو باہر نکالنے والی تمام ٹیمیں انسانی حقوق کی پاسداری کو یقینی بنائیں گی، آئی جی پنجاب
انخلا آپریشن پر متعین تمام ٹیمیں باڈی کیم سمیت دیگر ٹیکنالوجی سے ہر سرگرمی کی مانیٹرنگ یقینی بنائیں گی، ڈاکٹر عثمان انور
جس شخص کے پاس پاکستان میں رہائش کی قانونی دستاویز موجود ہے اس سے کوئی پوچھ گچھ نہیں ہو گی، ڈاکٹر عثمان انور
شہریوں سے درخواست ہے کسی بھی جگہ غیر قانونی تارکین وطن کی موجودگی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں، ڈاکٹر عثمان انور
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے غیر قانونی تارکین وطن کے انخلاء کے عمل کے حوالے سے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ دنیا کی ہر ریاست اپنی سرحدوں کی حفاظت،قواعد و ضوابط کے مطابق غیر قانونی تارکین وطن کے انخلا کا حق رکھتی ہے، پاکستانی سرزمین سے غیر قانونی تارکین وطن کا انخلا پاکستانی ریاست کی ذمہ داری ہے، آئی جی پنجاب نے کہاکہ پاکستانی ریاست نے غیر قانونی طور پر مقیم تمام غیر ملکی شہریوں کو وطن چھوڑنے کیلئے کافی عرصہ قبل مطلع کیا، آج سے غیر ملکی شہریوں کے انخلا کا عمل مربوط پالیسی اور جامع حکمت عملی کے تحت شروع ہو جائے گااور حکومت پاکستان کی ہدایت کے مطابق تمام شہروں سے مقررہ تاریخ کو غیر قانونی تارکین کو باہر بھیجا جائے گا۔ آئی جی پنجاب نے مزیدکہاکہ غیر ملکی شہریوں کو باہر نکالنے والی تمام ٹیمیں انسانی حقوق کی پاسداری کو یقینی بنائیں گی، انخلا آپریشن پر متعین تمام ٹیمیں باڈی کیم سمیت دیگر ٹیکنالوجی سے ہر سرگرمی کی مانیٹرنگ یقینی بنائیں گی، ڈاکٹر عثمان انورنے کہاکہ پنجاب کے اندر 25لاکھ کیمروں کومیپ کیا جا چکا ہے اور پنجاب پولیس کی دو لاکھ فورس حکومت پاکستان کی ہدایات کے مطابق غیر ملکی شہریوں کے انخلا کیلئے پوری طرح تیار ہے، 31اکتوبر گذرنے کے بعد تمام غیر ملکی تارکین پاکستان چھوڑنے کیلئے تیار ہوجائیں۔ آئی جی پنجاب نے ویڈیو پیغام میں کہاکہ حکومت پاکستان کی پالیسی کے مطابق انخلا کے لئے اضلاع کو مختلف تاریخوں میں تقسیم کر دیا گیا ہے جس شخص کے پاس پاکستان میں رہائش کی قانونی دستاویز موجود ہے اس سے کوئی پوچھ گچھ نہیں ہو گی،قانونی نافذ کرنے والے ادارے، انٹیلی جنس ادارے، سپیشل برانچ اور ضلعی انتظامیہ حکومت پاکستان کی پالیسی پر من و عن عمل درآمد یقینی بنائے گی، حکومت پنجاب غیر ملکی شہریوں کے انخلا کا عمل سپروائز کرے گی، بغیر کسی شکایت اس عمل کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا،
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انو ر نے کہاکہ شہریوں سے درخواست ہے کسی بھی جگہ غیر قانونی تارکین وطن کی موجودگی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں،پنجاب پولیس کے پاس غیر ملکی تارکین کا مکمل ڈیٹا بیس اور انٹیلی جنس رپورٹس موجود ہیں، غیرملکی تارکین کی اکثریت کسی بھی غیر متوقع صورتحال کے پیش نظر پہلے سے انخلا شروع کر چکے ہیں، ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ انخلا کے عمل کو بہت جلد مکمل کر لیا جائے گا، کوئی بھی غیر قانونی تارک وطن پاکستان میں نہ داخل ہوسکے گا نہ رہائش رکھ سکے گا۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر 758 )
سیدمبشر حسین
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************
Press Release Date:
Wednesday, November 1, 2023