لاہور (کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹرز فاروق آباد کا دورہ کیا ، پنجاب کانسٹیبلری جوانوں کے ٹریننگ امور بارے اہم اجلاس کی صدارت کی، پی ٹی ایس فاروق آباد میں ٹریننگ امور کا جائزہ لیا، اینٹی رائٹ جوانوں کی فیلڈ مشقوں کا معائنہ کیا ، اہلکاروں کے مسائل سن کر احکامات جاری کئے اور بہترین کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کو انعامات سے بھی نوازا۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹرز فاروق آباد آمد کے دورے کا آغاز یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھانے سے کیا،آئی جی پنجاب نے شہداءکے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی اور شہدا کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا، آئی جی پنجاب نے پی سی ہیڈ کوارٹرز پریڈ گراؤنڈ میں اینٹی رائٹ فورس فارمیشنز مشقوں کا معائنہ کیا۔ ڈاکٹر عثمان نے جوانوں کو جدید لا اینڈ آرڈر کنٹرول ٹریننگ دلجمعی سے مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
آئی جی پنجاب نے پولیس ٹریننگ سکول فاروق آباد کا وزٹ بھی کیا، پرنسپل پی ٹی سی تنویر احمد طاہر نے تربیتی کورسز، جدید سہولیات اور ٹریننگ کے مختلف شعبوں بارے بریفنگ دی۔ آئی جی پنجاب نے پی ٹی ایس فاروق آباد کی ویلفیئر کینٹین کا افتتاح بھی کیا آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹرز میں تزئین و آرائش کے بعد تیار ہونے والے جدید آڈیٹوریم میں پی سی جوانوں سے ملاقات کی آئی جی پنجاب نے بہترین کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کو شیلڈز ، ٹرافیوں، تعریفی اسناد اور نقد انعامات سے نوازا۔
(روز نامہ پاکستان)
***********
