آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا پنجاب کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹرز فاروق آباد کا دورہ، اہم اجلاس کی صدارت کی

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا پنجاب کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹرز فاروق آباد کا دورہ، اہم اجلاس کی صدارت کی

 

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹرز فاروق آباد کا دورہ کیا ، پنجاب کانسٹیبلری جوانوں کے ٹریننگ امور بارے اہم اجلاس کی صدارت کی، پی ٹی ایس فاروق آباد میں ٹریننگ امور کا جائزہ  لیا، اینٹی رائٹ جوانوں کی فیلڈ مشقوں کا معائنہ کیا ، اہلکاروں کے مسائل سن کر احکامات جاری کئے اور بہترین کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کو انعامات سے بھی نوازا۔ 

تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹرز فاروق آباد آمد کے دورے کا آغاز یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھانے سے کیا،آئی جی پنجاب نے شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی اور شہدا کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا، آئی جی پنجاب نے پی سی ہیڈ کوارٹرز پریڈ گراؤنڈ میں اینٹی رائٹ فورس فارمیشنز مشقوں کا معائنہ کیا۔ ڈاکٹر عثمان نے جوانوں کو جدید لا اینڈ آرڈر کنٹرول ٹریننگ دلجمعی سے مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ اینٹی رائٹ کورس پرتشدد مشتعل مظاہرین کے کنٹرول ، ہجوم کو منتشر کرنے سمیت  ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے، آئی جی پنجاب نے پولیس ٹریننگ سکول فاروق آباد کا وزٹ بھی کیا، پرنسپل پی ٹی سی تنویر احمد طاہر نے تربیتی کورسز، جدید سہولیات اور ٹریننگ کے مختلف شعبوں بارے بریفنگ دی۔ ڈاکٹر عثمان انور کی زیر تربیت خواتین اور مرد  اہلکاروں سے ملاقات، ٹریننگ و مسائل بارے آگاہی  حاصل کی، آئی جی پنجاب نے کہا کہ جدید پولیسنگ کے لئے کانسٹیبلری کی بہترین پیشہ وارانہ تربیت اولین ترجیح ہے ۔ آئی جی پنجاب نے پی ٹی ایس فاروق آباد کی ویلفیئر کینٹین کا افتتاح بھی کیا ، ویلفیئر کینٹین پر زیر تربیت اہلکاروں کو حفظان صحت کے مطابق معیاری کھانا رعایتی نرخ پر دستیاب ہوگا ۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور  نے پنجاب کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹرز  میں تزئین و آرائش کے بعد تیار ہونے والے جدید آڈیٹوریم میں پی سی جوانوں سے ملاقات کی ، آئی جی پنجاب نے سپورٹس گالا، اینٹی رائٹ ڈرل مقابلوں،مختلف کیٹیگریز، غیر نصابی سرگرمیوں کے بہترین پرفارمرز کو تعریفی اسناد اور نقد انعامات دئیے۔ انعامات حاصل کرنے والوں میں کانسٹیبل سے انسپکٹر لیول کے 200 سے زائد افسران و اہلکار شامل تھے۔ آئی جی پنجاب نے بہترین کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کو شیلڈز ، ٹرافیوں،  تعریفی اسناد اور نقد انعامات سے نوازا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پی سی اہلکاروں سے خطاب میں اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کانسٹیبلری انتہائی حساس پوائنٹس پر سکیورٹی سمیت اہم فرائض سر انجام دیتی ہے، لہذا تمام جوان بھرپور محنت اور فرض شناسی کے ساتھ ہائی الرٹ ہو کر فرائض ادا کریں، آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ عوام الناس کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں ، مجرمان کے قلع قمع کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پی سی اہلکاروں کے مسائل سنے ، ازالے کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے  ۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ میرے دفتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں، اہلکار کسی بھی مسئلے بارے مجھ سے براہ راست رابطہ کر سکتے ہیں۔ تقریب میں کمانڈنٹ پنجاب کانسٹیبلری ایڈیشنل آئی جی عمران ارشد اور ڈپٹی کمانڈنٹ ڈی آئی جی خرم شہزاد حیدر نے بھی خطاب کیا۔

بعد ازاں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹرز میں اہم اجلاس کی صدارت بھی کی ، کمانڈنٹ پنجاب کانسٹیبلری ایڈیشنل آئی جی عمران ارشد، ڈپٹی کمانڈنٹ خرم شہزاد حیدر ، پرنسپل پی ٹی ایس فاروق آباد تنویر احمد طاہر سمیت تمام بٹالین کمانڈرز نے شرکت کی ۔ڈپٹی کمانڈنٹ خرم شہزاد حیدر نے پنجاب کانسٹیبلری کے پیشہ وارانہ امور بارے بریفنگ دی ۔ آئی جی پنجاب نے پی سی جوانوں کی بہترین پیشہ وارانہ تربیت بارے ہدایات جاری کیں ۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ زیر تربیت اہلکاروں کو ہر نوعیت کی صورتحال میں فرائض کی بہترین ادائیگی کیلئے تربیت فراہم کی جائے ، ماسٹر انسٹرکٹرز پی سی اہلکاروں کو جدید پولیسنگ کی مہارتوں سے ہم آہنگ کریں ۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ بٹالین کمانڈرز ماتحت اہلکاروں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں ، ویلفیئر سے متعلقہ مسائل بلا تاخیر حل کئے جائیں ۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ مختلف شعبوں کے ماہرین کے لیکچرز کا باقاعدگی سے انعقاد کیا جائے اور غیر نصابی سرگرمیوں پر بھی خاص توجہ دی جائے ۔ 

 

(ہینڈ آؤٹ  نمبر 750 )

سیدمبشر حسین

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

 
Press Release Date: 
Sunday, October 29, 2023