لاہور(کرائم رپورٹر) پنجاب جرنلسٹ پروٹیکشن کوارڈینیشن کمیٹی کا پہلا اجلاس سنٹرل پولیس آفس میں ہوا جس میں آئی جی ڈاکٹر عثمان انور ،ممبر کمیٹی پنجاب جرنلسٹ سیفٹی کولیشن (پنجاب چیپٹر) اقبال خٹک، صدر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ افضل بٹ، صدر پنجاب یونین آف جرنلسٹ شہزاد حسین بٹ وزارت اطلاعات کے نمائندہ ارسلان طاہر اور سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب کے نمائندہ،ڈائریکٹر نیوز ڈی جی پی آر قدرت اللہ نے شرکت کی۔ کنوینر کمیٹی ڈی آئی جی سکیورٹی کامران عادل نے آئی جی پنجاب کوپنجاب جرنلسٹ پروٹیکشن کوارڈینیشن کمیٹی کے خدوخال اور اغراض و مقاصد بارے آگاہ کیا،صحافیوں کے تحفظ کے بارے اقدامات پر غور و خوض کیا گیا، صحافیوں کی نمائندہ تنظیموں کے عہدیداروں نے کمیٹی کے مینڈیٹ، رولز آف بزنس اور ورکنگ بارے تجاویز پیش کیں۔ آئی جی نے صحافیوں کے تحفظ کیلئے ہر ممکن تعاون کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی، کنوینر کمیٹی ڈی آئی جی کامران عادل نے پروٹیکشن کمیٹی کے ارکان کی تجاویز کا خیر مقدم کیا۔ مزید برآں انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ پنجاب پولیس میں انٹرن شپ کرنے والے طلبا و طالبات پنجاب پولیس کے سفیر کا کردار ادا کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ 31 دسمبر تک صوبے کے تمام تھانوں کو سپیشل انیشئیٹو پولیس سٹیشن کے طور پر اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
(روز نامہ جنگ)
*************
