لاہور(کرائم رپورٹر)آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ کھیلوں کے مقابلے نیشنل کریکٹر بلڈنگ میں خصوصی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں، 34 ویں نیشنل گیمز میں پولیس کھلاڑیوں کی بہترین کارکردگی قابل ستائش اور حوصلہ افزا ہے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پولیس فورس میں سپورٹس مینوں کی حوصلہ افزائی کیلئے سپورٹس کیڈر کی تشکیل جلد کی جائے گی اور واپڈا، آرمی، ریلوے سمیت دیگر اداروں کی طرز پر بہترین کھلاڑیوں کو پولیس فورس میں ملازمتیں دی جائیں گی۔ آئی جی ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس کے کھلاڑیوں کو مزید بہتر کارکردگی کیلئے بھرپور محنت و پریکٹس جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تمام کھلاڑی مستقبل کے مقابلوں کیلئے خود کو بہتر طور پر تیار کریں اور زیادہ سے زیادہ میڈلز جیت کر محکمہ کی عزت و توقیر میں اضافہ کریں ۔ ان خیالات کا اظہار سنٹرل پولیس آفس میں پولیس اتھلیٹس کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
(روز نامہ پاکستان)
************
