تحفظ مراکز سے شہریوں کو سماجی تحفظ فراہم کیا جائے ،آئی جی

Oct 22, 2023

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں تحفظ مرکز کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا ، ڈی پی او سیالکوٹ، انچارج تحفظ مرکز، وکٹم سپورٹ افسران نے 07 ماہ کی کارکردگی بارے آگاہ کیا، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تحفظ مرکز سیالکوٹ کے سٹاف سے ملاقات کی اور کارکردگی کا جائزہ لیا، اجلاس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کو دوران بریفنگ بتایا گیا کہ تحفظ مرکز سیالکوٹ نے اپنے قیام سے لے کر اب تک 114 ٹرانسجینڈرز اورجسمانی و ذہنی معذوری کے شکار 132 خصوصی افراد کو مدد فراہم کی ، شہر کی مختلف شاہراہوں پر پڑے نشے کے عادی 32 افراد کا علاج اور بحالی کروائی یہ تمام افراد اب نارمل زندگی گذار رہے ہیں، اسی طرح 08 ٹرانسجینڈرز افراد کو ڈرائیونگ لائسنس اور متعدد ٹرانسجینڈرز کو راشن فراہم کیا، سات نابینا افراد کو بلائینڈ اسٹکس ، سپیشل بلائینڈ واچز اور عینک و مالی معاونت فراہم کی، 125 سپیشل افراد کو وہیل چئیرز فراہم کیں، پولیس ملازمین کے سپیشل بچوں کا علاج کروایا ، اغواء ہونے والی ایک برازیلین بچی کو برازیلین ایمبیسی کے حوالے کیا، 02 ہزار افراد کو کریکٹر سرٹیفیکیٹ، جنرل پولیس ویری فیکیشن ، ولنرایبل رجسٹریشن سمیت دیگر سروسز فراہم کیں، دارالامان، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن، چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور سندس فاونڈیشن سمیت دیگر 10 اداروں اور ہسپتالوں سے ایم او یو سائن کئے، ان ایم او یوز کے تحت مشکلات کے شکار شہریوں کو سماجی تحفظ، مدد اور معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سینکڑوں شہریوں کو خدمات فراہم کرنے پر تحفظ مرکز سیالکوٹ کی کارکردگی کو سراہا ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ غریب ، کمزور اور سماجی عدم تحفظ کے شکار افراد کی مدد کا سلسلہ جاری رکھا جائے اور پولیس تحفظ مرکز کے پلیٹ فارم سے زیادہ سے زیادہ شہریوں کو سماجی تحفظ فراہم کیا جائے ۔

(روز نامہ جنگ)

**************