وزیر اعلیٰ نقوی کا ملتان ترقیاتی منصوبوں ،لاہور میں ہسپتال ،تھانے کا دورہ، دھواں دیکھ کر بھٹے پر پہنچ گئے

Oct 21, 2023

ملتان،شجاع آباد،سکندرآباد،لاہور(سٹاف رپورٹر،نامہ نگار،نمائندہ خصوصی)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سہ پہر اچانک ملتان پہنچ گئے اورمسلسل پانچ گھنٹے سے زائد وقت مختلف پراجیکٹس کا جائزہ لیااورجلد از جلد تکمیل کی ہدایات جاری کیں۔نشتر iiکے زیر تکمیل پراجیکٹ کا تفصیلی دورہ کیا ، نشتر ہسپتال اورچلڈرن ہسپتال کا بھی معائنہ کیا ، شجاع آباد روڈ پر ایک بھٹہ خشت کی چمنی سے کالا دھواں نکلتا دیکھ کر گاڑی رکوائی اوربھٹے پر پہنچ گئے،مزدوروں سے بات چیت کی موقع پر ڈی سی ملتان کو طلب کر کے انسداد سموگ اقدامات کی پیروی نہ کرنے والے بھٹے سیل کرنے کا اور مالکان کیخلاف کارروائی کا حکم دیا، شجاع آباد روڈ فلائی اوور پراجیکٹ کابھی معائنہ کیا، وزیراعلی ٰ کی زیر صدارت اہم اجلاس میں 9مئی کے واقعات میں ملوث ملزمان کے خلاف درج کیسز کے چالان کے حوالے سے پیش رفت اور پنجاب میں یکم نومبر سے غیر قانونی مقیم غیرملکیوں کے خلاف کارروائی کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا ،حکام نے بریفنگ دی ،وزیر اعلی ٰ نے چلڈرن ہسپتال اور تھانہ سمن آباد کا دورہ کیا ،چلڈرن ہسپتال کے گراؤنڈ فلور پر میڈیکل ایمرجنسی، فرسٹ فلور پر نئے بچہ وارڈ اور زیر تعمیر ایمرجنسی کا معائنہ کیا۔ میڈیکل ایمرجنسی میں بیڈز کی تعداد بڑھانے پر فوری عملدرآمد کے اقدام کی تعریف کی ، زیر علاج بچوں کی عیادت کی اور ماؤں سے فراہم کردہ سہولتوں کے بارے پوچھا۔ نئے بچہ وارڈ میں ایک بیڈ پر 3،3 بچوں کی موجودگی اور صفائی کے ناقص انتظامات پر ناراضگی کا اظہارکیا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے ہسپتال انتظامیہ کو بیڈز مینجمنٹ کی ہدایت کی اورصفائی انتظامات کو بہتر بنانے کا حکم دیا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے زیر تعمیر ایمرجنسی میں جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا اورتعمیراتی سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعلی نے تھانہ سمن آباد کے دورہ کے دوران تھانے کا ریکارڈ چیک کیا اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تھانے میں موجود سائلین سے ملاقات کی او ران کے مسائل کے بارے میں پوچھا۔

(روز نامہ جنگ)

**************