برکت مارکیٹ میں پولیس خدمت مرکز کا افتتاح سمارٹ تھانے بناے گئے، محسن نقوی

Oct 20, 2023

لاہور (سیاسی رپورٹر سے ) نگران وزیر اعلٰی پنجاب محسن نقوی نے برکت مارکیٹ گارڈن ٹاؤن میں پولیس خدمت مرکز کاافتتاح کردیا۔پولیس خدمت مرکز میں عوام کی سہولت کے لئے قائم کاؤنٹرز کا معائنہ کیا۔ افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے وزیر اعلٰی نے کہا کہ خدمت مرکزبننے سے پولیس اورعوام کاباہمی رابطہ بڑھے گا۔ خدمت مرکزسے پولیس کی کارکردگی اورتاثر بہتر ہوگا۔ آئندہ دنوں میں مزید خدمت مراکز کا افتتاح ہوگا۔ لاہورشہر میں ایف آئی آر درج نہ ہونے کی شکایتیں نہیں ملتیں۔ مانا نوالہ میں بچے کے جاں بحق ہونے کی ایف آئی آر درج نہیں ہوئی تھی،ایس ایچ او کو راجن پور ٹرانسفر کردیا۔دیگر شہروں میں ایف آئی آردرج نہ ہونے کی شکایات موصول ہونے پر فوری ایکشن لیا جاتا ہے ۔لاہور کے 10تھانوں کے لئے اراضی اور عمارت کے فنڈز دے دیئے ہیں۔پنجاب میں سمارٹ تھانے بنائے جائیں گے ۔ 20،20سال سے بیٹھے پولیس افسروں کی جگہ نوجوان افسر تعینات کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پٹرول کی مد میں پولیس کو 1ارب روپے جاری کردیئے ہیں۔ عوام کو ریلیف دینے کیلئے جو کرسکتا ہوں کروں گا۔ دریں اثنا محسن نقوی سے وزیراعلیٰ آفس میں امریکا اور دیگر ممالک سے آئے سکھ یاتریوں کے وفد نے ملاقات کی۔محسن نقوی نے کہاکہ سکھ یاتریوں کو پاکستان آمد پر ویزا آن آرئیول دینے کی کوشش کررہے ہیں،اس ضمن میں وفاقی حکومت سے بات کی ہے اور جلد خوشخبری دیں گے ۔

ننکانہ میں سکھ برادری کے لئے کمیونٹی سنٹر بنا کر دیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ سکھ یاتریوں کے لئے پنجاب میں ٹورز کا خصوصی پیکیج لا رہے ہیں۔ ادھروزیراعلیٰ پنجاب نے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کا دورہ کیااورآڈیٹوریم میں اہم اجلاس کی صدارت کی۔ محسن نقوی نے عوامی فلاح کے 34 ترجیحی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا حکم دیا او ر ہدایت کی کہ منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لئے دن رات محنت کی جائے ۔ فلاح عامہ کے پراجیکٹس میں تاخیر کسی صورت نہیں ہونی چاہیے ۔ نگران وزیراعلی ٰ سے چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان نیوی کے پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اورمیری ٹائم انڈسٹری کے حوالے سے پنجاب کی صنعتوں کی ڈیمانڈ پر بھی بات چیت کی گئی۔محسن نقوی نے رات گئے اچانک نواز شریف انٹرچینج بیدیاں روڈ انڈ رپاس اور علی الصبح اکبر چوک فلائی اوور پراجیکٹس کا دورہ کیا۔ محسن نقوی نے بیدیاں روڈ انڈر پاس کی کھدائی کے کام پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے رات گئے لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری پراجیکٹ کا بھی دورہ کیا اورمراکہ کے قریب سائٹ پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے پراجیکٹ کی جلد تکمیل کے حوالے سے ضروری ہدایات دیں۔ ایف ڈبلیو او کے کیمپ آفس میں اجلاس بھی ہوا۔محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا ایس ایل تھری پر رات کے وقت بھی اتنا ہی کام ہورہا ہے جتنا دن میں ہوتا ہے ۔ یہ منصوبہ جنوری میں مکمل ہوجائے گا۔صوبائی وزیر بلال افضل بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

(روز نامہ دنیا)

************