پنجاب پولیس اور مقامی یونیورسٹی کے درمیان ایم او یو سائن

Oct 20, 2023

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹرعثمان انور نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس تعلیم اور ریسرچ کلچر کے فروغ اور یونیورسٹی طلباو طالبات کے ساتھ براہ راست انٹرکشن کو فروغ دے رہی ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس نے مختلف تعلیمی اداروں کے ساتھ ایم او یوز سائن کئے ہیں جس کے تسلسل میں آج لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز) کے ساتھ مفاہمتی یادداشت طے پاگئی ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ لمز یونیورسٹی کے ساتھ ہونے والے اس ایم او یو سے نہ صرف تحقیقی مقاصد کو فروغ ملے گا بلکہ پولیس اہلکاروں کی ٹریننگ، کپیسٹی بلڈنگ اورآپریشنل سسٹم کی اپ گریڈیشن کے عمل میں تیزی آئے گی۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ پولیس ملازمین کے بچوں کو لمز یونیورسٹی سے مختلف جدید تربیتی شارٹ کورسز کروانے کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں پنجاب پولیس اور لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز) کے درمیان ایم او یو سائن کرنے کی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، لمز یونیورسٹی سے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ لا اینڈ پالیسی سکندراحمد شاہ نے ایم او یو پر دستخط کئے،ڈی آئی جی آر اینڈ ڈی خرم شکور، اے آئی جی آر اینڈ ڈی ساجد حسین کھوکھر، ایسوسی ایٹ پروفیسر عذیر جمیل کیانی،سینئر افسران موقع پر موجود تھے.

(روز نامہ ایکسپریس)

**************